صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

اُدھو ٹھاکرے کی پارٹی سیاست سے اوپر اٹھ کر رائے گڑھ کی تعمیر نو کی اپیل

طوفان سے متاثرہ علاقوں کا دورہ ،۱۰۰؍ کروڑ کے راحتی فنڈ کا وزیر اعلیٰ کے ذریعہ اعلان

265,886

ممبئی : دو روز قبل نسرگ نامی  طوفان کوکن کے ساحل پر آیا تھا۔ جس کی وجہ سے سب سے زیادہ نقصان ضلع  رائے گڑھ میں ہوا ہے ۔حالانکہ محکمہ موسمیات کی جانب سے طوفان کے تعلق سے جو اندازہ کیا گیا تھا اس کی شدت میں کمی رہی ۔آج وزیر اعلیٰ نے طوفان سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے طوفان سے ہونے والے نقصان کا جائزہ لیا ۔وزیر اعلی نے ضلع رائے گڑھ  کے لئے فوری طور پر 100 کروڑ روپئے کی امداد کا بھی اعلان کیا ہے۔ ضلع رائے گڑھ  کے علی باغ اور آس پاس کے دیہات اس طوفان سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے نے نگراں وزیر ادیتی ٹٹکرے اور ضلع کلکٹر کے ساتھ  پوری صورتحال کا معائنہ کیا ۔ وزیراعلیٰ نے  ساحلی علاقوں میں بسے گائوں  میں ہونے والے نقصان کا معائنہ کیا ، جو طوفان سے سب سے زیادہ متاثر ہوا تھا۔

وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے آج صبح ممبئی سے مانڈوا اور علی باغ پہنچے۔ ان کے ہمراہ وزیر آدتیہ ٹھاکرے ، اسلم شیخ اور ایڈیشنل چیف سکریٹری ایشیش کمار سنگھ بھی تھے۔ وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے اپنے دورے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس طوفان سے 6 افراد کی موت ہوئی  ہے جس کی تلافی نہیں کی جاسکتی ہے ۔ طوفان کی وجہ سے بڑے پیمانے پر نقصانات ہوئے ہیں  ۔ حکومت نے مدد فراہم کی لیکن حکومت مزید جانی نقصان سے بچنے کی کوشش کرے گی۔نقصان زدہ علاقوں کی باز آباد کاری کے لئے وزیر اعلیٰ نے ضلع رائے گڑھ  کے لئے فوری طور پر 100 کروڑ روپئے  کے راحتی فنڈ کا اعلان کیاہے۔انہوں نے بتایا کہ اس طوفان کی وجہ سے کتنا نقصان ہوا ہے اس کا انداز لگانا مشکل ہے کیونکہ نقصان زدہ علاقوں کا پنچ نامہ کرنے میں وقت درکار ہوگا ۔وزیر اعلیٰ نے یقین دہانی کروائی کہ پنچ نامہ کی کاروائی مکمل ہونے اور نقصان کا صحیح اندازہ ہونے پر ریاستی حکومت مزید راحتی فنڈ مہیا کرے گی ۔

وزیر اعلیٰ نے مزید بتایا کہ طوفان آنے کے دن ہی وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے بات چیت ہوئی تھی ۔ مکمل جائزہ لینے کے بعد امداد کے بارے میں  مرکزی سرکار سے بات کرنا ممکن ہوگا۔نقصان زدہ علاقوں میں کتنا نقصان ہوا ہے  یہ آہستہ آہستہ سمجھ میں آئے گا ۔ وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ اس طوفان کی وجہ سے ۶؍ افراد ہلاک ہوئے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ پنچنامہ مکمل ہونے میں وقت لگے گا لیکن انہوں نے فوری طور پر ۱۰۰؍ کروڑ کے راحتی فنڈ دینے کا اعلان کیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ  پنچنامہ مکمل ہونے کے بعد مزید مالی امداد دی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ میں کورونا بحران کے دوران اس طوفان کی آمد ہوئی ہے جسے ہم سب کومل کر  مقابلہ کرنا ہے ۔

ادھو ٹھاکرے نے ہدایت دی ہے کہ طوفان زدہ علاقوں میں جو درخت زمین دوز ہوئے ہیں انہیں سب سے پہلے صاف کرنے کی ضرورت ہے تاکہ اس کے بعد دیگر تمام ضروری سہولیات اور مدد فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے طوفان سے متاثرہ علاقوں کے مکینوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان لوگوں نے بہت ہی جوانمردی کے ساتھ اس طوفان کا مقابلہ کیا ہے جو تعریف کے قابل ہے ۔انہوں نے اس  طوفان کے تعلق سے کہا کہ یہ سب کے لئے تھا اس لئے ہمیں اپنے سیاسی اختلافات کو بھلا کر رائے گڑھ ضلع کی تعمیر نو کے لئے کام کرنا ہوگا ۔ طوفان کی وجہ سے جو مکانات منہدم ہوئے ہیں ان تعمیر کرنا ہمارے لئے بہت ضروری ہے۔ اسی کے ساتھ اس علاقے میں بسنے والے ماہی گیروں کی مالی اعانت بھی سرکار کرے گی ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.