صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

تھانے سب ریجنل ٹرانسپورٹ محکمہ میں تعینات ۱۴؍ افسران عدالتی حکم کے بعد معطل

1,252

 

بھیونڈی:(عارِف اگاسکر) تھانےسب ریجنل ٹرانسپورٹ محکمہء میں تعینات افسران کے ذریعہ بڑے پیمانے پر بد عنوانی کے انکشاف سےمذکورہ محکمہ میں زبردست کھلبلی مچ گئی ہے ۔ اس سلسلے میں راشٹریہ مانو حقوق منچ کے قومی صدرشرد دھمال کے ذریعہ کی گئی شکایت پرتفتیش کر نے کے بعد یہ کارروائی کی گئی ہے اور تھانے سب ریجنل ٹرانسپورٹ محکمہ میں موٹر ٹرانسپورٹ انسپکٹر اور اسسٹنٹ موٹر ٹرانسپورٹ انسپکٹر کے عہدوں پر تعینات کل ۱۴؍ افسران کو عدالتی احکامات کے بعد فوری طور پر معطل کیا گیا ہے ۔ اطلاع کے مطابق رِ یاستی محکمہ داخلہ برائے ٹرانسپورٹ کی جانب سے محکمہ داخلہ کے افسر ارجن واگھموڈے نے سرکاری حکم کے مطابق موٹر ٹرانسپورٹ انسپکٹر امول پوار ، دیپک ٹھاکور،دھیرج پوار ، کلبیر سنگھ کلسی ، پردیپ کو نکیکر ، پر لہاد چنگلے ، اسٹنٹ موٹر ٹرانسپورٹ انسپکٹر بھوشن اہیرے ، گنیش وِگھنے ، سنتوش پاٹل ، شرد چندر واڈ کر ، وجے کامبلے ، سپنا کو نڈا گُرلے ، کلیانی منڈلک اور سیما کھیتے نامی افسران کے معطلی کا حکم جاری کیا ہے ۔

موصولہ اطلاع کے مطابق بامبے ہائی کورٹ نےمفاد عامہ کی ایک عرضداشت نمبر ۲۸؍۲۰۱۳ کے تحت گاڑیوں کی سختی سے جانچ کر نے کے بعد ہی فٹنیس سرٹفکیٹ جاری کر نے کی ہدایت کی ہے ۔ اس کے با وجود تھانے سب ریجنل ٹرانسپورٹ محکمہء میں تعینات افسران اور ملازمین کی ملی بھگت سےضابطہ کے خلاف فٹنیس سرٹفکیٹ جاری کر نے کا انکشاف ہوا ہے ۔ اس تعلق سے عدالت نے سی سی ٹی وی فوٹیج اور ریاستی ٹرانسپورٹ کمشنرکے دفتر میں تعینات اعلیٰ افسران کی رپورٹ کی جانچ کر نے کے بعد متذکرہ۱۴؍ افسران پر معطلی کی کارروائی کی ہے ۔ مذکورہ کارروائی کے بعد کئی اعلیٰ افسران پر بھی اسی طرح کی کارروائی کیے جانے کی توقع جتائی جا رہی ہے ۔

جس میں تھانے ریجنل ٹرانسپورٹ افسرجتیندر بابوراو پاٹل ، سابق ڈپٹی ٹرانسپورٹ افسر سابق ڈپٹی ٹرانسپورٹ افسرسنجے ڈولے ، ہیمانگی پاٹل،سابق اسسٹنٹ ٹرانسپورٹ افسرنند کشور نائک،شیام لوہی، جے جے پوار،جینت چوہان،کھنڈے راو دیشمکھ اور مجمدار نامی افسران کے نام شامل ہیں ۔ یہ تمام افسران گاڑیوں کو فٹنیس سرٹفکیٹ جاری کر نے کے کام پرکنٹرول رکھنے والے کلیدی افسران ہیں۔اس لیے ان تمام افسران پر بھی ٹرانسپورٹ محکمہ  کی جانب سے کارروائی ہو نے کاامکان جتایا جارہاہے ۔ اس ضمن میں راشٹریہ مانو حقوق منچ کے قومی صدر شرد دھمال نے مطالبہ کیا ہے کہ مذکورہ افسران اور ملازمین کے ذریعہ فٹنیس سرٹفکیٹ جاری کر نے میں کی گئی بد عنوانی کے انکشاف کے بعد تھانے سب ریجنل ٹرانسپورٹ محکمہ کے نند کشور نائک سمیت متعلقہ افسران پر بھی کارروائی کی جائے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.