سڑک حادثات پر قابو پانے کیلئے آر ٹی او کی جانب سے خصوصی جانچ مہم
ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیورس کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ
ناندیڑ:(نامہ نگار) ریاستِ مہاراشٹر میں سڑک حادثات کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے ۔ حادثات میں اموات کی شرح میں بھی اضافہ ہوا ہے ۔ بیشتر حادثات ٹرافک قوانین پر عمل آوری نہ کرنے کی وجہ سے پیش آتے ہیں ۔ ٹرافک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی غرض سے آر ٹی او محکمہ کی جانب سے خصوصی جانچ مہم کا اعلان کیا گیا ہے ۔ شہر میں سٹی ٹرافک پولس اور ہائی وے پر ہائی وے پولس کے تعاون سے ٹرانسپورٹ محکمہ کی جانب سے یہ جانچ مہم چلائی جائے گی ۔ بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانا‘ بغیر لائسنس گاڑی چلانا‘ تیز رفتار گاڑی چلانا‘ نشہ کرکے گاڑی چلانا‘ موٹر کاربغیر سیٹ بیلٹ کے چلانا‘ ٹرافک سگنل پر عمل نہ کرنا‘ گاڑی چلاتے وقت موبائل پر بات کرنا یہ سب ٹرافک قوانین کی خلاف ورزی ہے ۔
ان معاملات میں گاڑی ڈرائیورس کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔ جانچ مہم کے سبب تمام گاڑی ڈرائیورس سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنے گاڑی کے تمام تر دستاویزات اپنے ساتھ رکھیں ۔ موٹر سائیکل سوار بھی گاڑی کے کاغذات اور لائسنس اپنے ساتھ رکھتے ہوئے ہیلمٹ کا استعمال کریں ۔ مذکورہ قوانین کی خلاف ورزی کرتے پائے جانے پر روڈ سیفٹی بیداری کے لئے متعلقہ افراد کو پہلی بار آر ٹی او دفتر میں طلب کرکے ایک گھنٹے بٹھا کر اُن کی کونسلنگ کی جائے گی اور جرمانہ وصول کیا جائے گا۔ دوبارہ خلاف ورزی کرنے پر اُن کا لائسنس ۳ ماہ کے لئے معطل کردیا جائے گا۔ تمام گاڑی مالکان اور ڈرائیورس سے محکمہ آر ٹی او نے اپیل کی ہے کہ وہ ٹرافک قوانین کی عمل آوری کرتے ہوئے حادثات کی روک تھام کرتے ہوئے محکمہ کا تعاون کریں ۔