صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

پڑول کی پروین اور مہاراج پر مہربانی ، معاملہ درج ہونے کے بعد فوری طور سے دوسرے پولس اسٹیشن میں ٹرانسفر 

1,708

 

متاثرین گولڈ اسمگلنگ گینگ

ورلڈ اردو نیوز ڈیسک 

 

ممبئی :ساؤتھ  ریجن کے ایڈشنل کمشنر پروین پڑول کی مہربانی کے بعد سلیم مہاراج اور طارق پروین کے خلاف پائیدھونی پولس اسٹیشن میں درج ہوئے معاملے کے کچھ ہی گھنٹے بعد معاملہ دوسرے پولس اسٹیشن کو بھیج دیا گیا ہے ۔ اب امید کی جاسکتی ہے کہ اس معاملہ میں ایم آر اے مارگ پولس اسٹیشن سمری فائل کرکے انڈر ورلڈ کے ان دو افراد کو محفوظ طریقے سے باعزت بری کرنے میں کامیابی حاصل کرلے گا جو سونے کی اسمگلنگ میں شامل ہیں ۔ اس معاملے کے بعد سے پروین پڑول کی ڈپارٹمنٹ سمیت انڈر ورلڈ میں خوب واہ واہی ہو رہی ہے ، بالکل اسی طرح سے جب وہ زون تین میں تھے اور  سسر سیوا  کے چکر میں صحافی شاہد انصاری کے خلاف مذہبی جذبات مجروح کرنے کا جھوٹا مقدمہ درج کیا تھا ۔اب یہ خبر لکھنے کے بعد ممکن ہے کہ وہ صحافی شاہد انصاری کے خلاف پھر سے جھوٹا معاملہ درج کرنے کے لئے فلڈنگ لگانے کی کوشش کریں ۔ ممبئی کے پائیدھونی پولس اسٹیشن میں اغوا مار پیٹ ، زخمی کرنے اور ہتھیار دکھا کر دھمکانے کے معاملے میں آئی پی سی 323،324،342 ،504،506/2اور 3/25 آرمس ایکٹ کے تحت معاملہ درج کیا گیا ہے جن تین لوگوں کے خلاف معاملہ درج کیا گیا ہے ان کے نام طارق پروین، سلیم مہاراج عرف سلیم بٹر فلائی سمیت ایک اور فرد ہے ۔

سلیم مہاراج خبری

کیا ہے معاملہ 

دبئی سے ریشما نام کی ایک عورت جو کہ ممبئی کے ناگپاڑہ میں واقع عافیہ ہائٹس کے تیرہویں منزل ہے نے ایک کلو سونا شمایلہ نام کی ایک دیگر عورت جو کہ نل بازار میں رہتی ہے سے اسمگلنگ کروایا لیکن ممبئی پہنچ کر شمایلہ کی نیت خراب ہوگئی اس نے سونا واپس کرنے سے انکار کردیا جس کے بعد ریشما نے اس معاملہ میں سلیم مہاراج عرف سلیم بٹر فلائی کے ساتھ انٹری کی ۔ سلیم نے شمایلہ اور اس کے ساتھی امتیاز اور صادق سے کہا کہ وہ سونا کی موجودہ قیمت سے تیس فیصد اسے دیں گے اگر وہ سونا ان کے حوالے کردے ۔ سلیم بٹر فلائی نے یہ بھی کہا کہ اس کام میں ممبئی کرائم برانچ کے دو افسران بھی شامل ہیں اگر سونا واپس نہیں کئے تو انہیں کرائم برانچ کے افسران کے حوالے کردے گا ۔ سلیم بٹر فلائی نے کہا کہ تیس فیصد وہ انہیں دے گا اس کے بعد جس نے گولڈ اسمگلنگ کی ہے اس سے اس کا کوئی تعلق نہیں ہوگا ، اس کو وہ خود سنبھال لے گا ۔

اس بات کو سن کر شمایلہ ، امتیاز اور صادق نے ایک کلو سونا سلیم بٹر فلائی عرف سلیم مہاراج کو دے دیا ۔ سلیم کو جیسے ہی ایک کلو سونا ملا اس کی نیت بھی خراب ہوگئی ۔ صبح سے شام بیتنے کے بعد سلیم نے کہا یہ گولڈ طارق پروین کا ہے اس میں تین سو گرام کم ہے ۔ جیسے ہی اس معاملہ میں طارق پروین کی انٹری ہوئی اس کے بعد طارق پروین سلیم بٹرفلائی عرف سلیم مہاراج نے ڈونگری پولس اسٹیشن میں خانہ پری کرنے کیلئے پولس کا سہارا لیا ۔ ڈونگری پولس نے امتیاز اور صادق کو کال کرکے بیان ریکارڈ کرنے کا ناٹک کیا ،  اس کے بعد تیسری عورت شمایلہ جو دبئی سے سونا اسمگل کر کے ممبئی لائی تھی اسے بلانا تھا لیکن تبھی پولس اسٹیشن سے طارق پروین نے افسر کو یہ کہتے ہوئے دونوں کو اپنے ساتھ لے جانے کیلئے کہا ۔

متاثرین گولڈ اسمگلنگ گینگ کے لوگوں کا بیان

پولس کو دیئے گئے اپنے بیان کے مطابق امتیاز اور صادق نے کہا کہ پولس اسٹیشن سے طارق پروین نے انہیں پائیدھونی پولس اسٹیشن حدود میں زکریا مسجد کے پاس موجود رازق ٹاور کے چودہویں منزل پر لے جاکر طارق پروین اور سلیم بٹر فلائی عرف سلیم مہاراج اور کئی لوگوں نے انہیں خوب مارا پیٹا اور کہا کہ تین سو گرام سونا جو کم ہے وہ کہاں ہے ۔ متاثرین نے بتایا کہ انہوں نے بہت مارا اور طارق پروین نے اپنا کرتا اٹھا کر ریوالور دکھاتے ہوئے ان کی کنپٹی پر تان دیا اور کہا کہ اگر نہیں بتاؤ گے تو اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھو گے ۔ اس کے بعد جب وہ گھر سے باہر نکلنے لگے تو ان کے اوپر دھاردار ہتھیار سے وار کیا گیا پلٹ کر دیکھا تو پیچھے طارق پروین تھا ۔ معاملے کو دیکھ گولڈ اسمگلنگ گینگ نے پائیدھونی پولس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی اور پولس نے انہیں جے جے اسپتال میں داخل کرایا ۔ اس معاملے کو لے کر طارق پروین کا کہنا ہے کہ اس نے انہیں کسی بھی طرح کو کوئی ہتھیار نہیں دکھایا اور نہ ہی کسی دھاروالے ہتھیار سے وار کیا ہے ہمارے پاس سی سی ٹی وی ہے جسے ہم پولس تفتیش کیلئے پولس اسٹیشن میں دیں گے ۔

طارق پروین

پڑول کی پروین پر مہربانی

معاملہ درج ہونے کے بعد ممبئی کے سب سے ایماندار فرض شناس قوانین و ضوابط کا پاس رکھنے والے جنوبی ریجن کے ایڈیشنل کمشنر پروین پڑول کے حکم پر معاملے کو فوری طور سے پائیدھونی سے ایم آر اے مارگ پولس اسٹیشن میں ٹرانسفر کیا گیا ۔ ایم آر اے پولس اسٹیشن کے سینئر پی آئی سکھ لال ورپے نے کہا ہے کہ وہ معاملے کی تفتیش کررہے ہیں اور فی الحال کسی کو بھی گرفتار نہیں کیا گیا ہے ۔

کون ہے سلیم مہاراج 

سلیم بٹر فلائی عرف سلیم مہاراج چھوٹا شکیل گینگ کا گرگا کے اور ممبئی کے جوائنٹ سی پی لاء اینڈ آرڈر دیوین بھارتی کا قریبی ہے جوکہ ان کے نام کا استعمال کرکے پولس والوں کو بلیک میل کرکے ان سے وصولی کرتا ہے اور متنازعہ معاملات میں مہاراج کا کردار ادا کرتے ہوئے دلالی کرتا ہے ۔ ممبئی میں فی الحال سلیم بٹر فلائی عرف سلیم مہاراج بطور مانڈوالی ماسٹر کا کام کرتا ہے ۔

کون ہے طارق پروین

طارق پروین ڈی کمپنی کا کافی قریبی رہا ہے جسے 2004 میں دبئی سے ڈپورٹ کیا گیا تھا 2008 تک وہ جیل میں تھا ۔ ممبئی پولس نے طارق پروین کے خلاف کارروائی کی تھی اس کے بعد یو پی اے ٹی ایس نے طارق پروین کو 2015 میں گرفتار کیا تھا اور بعد میں وہ ضمانت پر رہا ہوا تھا ۔ حال ہی میں پردیپ شرما نے طارق پروین کو بیس سال پرانے قتل کے معاملے میں گرفتار کیا تھا اس کے بعد سے وہ ضمانت پر ہے ۔

کون ہے گولڈ اسمگلنگ گینگ 

دوبئی سے گولڈ اسمگلنگ کرنے والے گینگ کا آقا دوبئی اور ممبئی میں بیٹھے ہیں جوکہ دوبئی سے ممبئی گولڈ اسمگلنگ کرنے کیلئے جنوبی ممبئی کی اسمارٹ اور تیز طرار لڑکیوں کو اس بدنام اور غیر قانونی پیشے میں استعمال کرتے ہیں ۔ اس کے علاوہ باقاعدہ انہیں کمیشن دیا جاتا ہے اور پکڑے جانے پر ان کے لئے قانونی لڑائی بھی لڑتے ہیں ۔ لیکن جس طرح سے شمایلہ کے ذریعہ ایک کلو سونا دوبئی سے ممبئی آگیا ہے اس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ گولڈ اسمگلنگ کے اس دھندے میں ڈی آر آئی اور ایئر انٹیلیجنس یونٹ کی آنکھوں میں دھول جھونک کر یہ گورکھ دھندہ پروان چڑھ رہا ہے یا ممبئی ایئر پورٹ پر موجود وہ سارے لوگ اس وقت اپنی آنکھیں اور کان بند کرلیتے ہیں جب بڑے پیمانے پر گولڈ اسمگلنگ ہوتی ہے شکایت کنندہ کا کہنا ہے کہ اس معاملے میں دوسرے پولس اسٹیشن کی تفتیش پر انہیں اعتماد ہی نہیں ہے تفتیش اگر ہو تو اسی پولس اسٹیشن میں ہو جہاں معاملہ درج ہوا ہے ۔

 

 

Leave A Reply

Your email address will not be published.