کرلا سے مغوی بچہ گوونڈی سے بحفاظت کرائم برانچ نے برآمد کرلیا , پانچ ملزمین کرائم برانچ کے شکنجے میں , تاوان طلب کر نے کیلئے بچہ کا اغوا ء کیا گیا تھا
شاہد انصاری
ممبئی : ممبئی کے مضافات کرلا علاقہ میں پیسوں کیلئے اپنے ہی ایک رشتہ دار کے بچے کو اغوا ء کر نے کے الزام میں ممبئی کرائم برانچ نے پانچ ملزمین کو گرفتار کیا ہے ان پانچوں نے پہلے تو کرلا علاقہ میں واقع مہاڈا کالونی سے ایک نابالغ 13سالہ کو اغواء کر نے کا منصوبہ بنایا اس کے بعد اسے عملی جامہ پہنانے کیلئے 15دن پہلے منصوبہ بندی کی اور گھر کا بھی معائنہ کیا ۔ 3اگست کو وی بی نگر کی حدود میں 13سالہ لڑکے کو اغوا ء کرنے کے لئے ایک خاتون رشتہ دار شبینہ اشرف خان 27 سالہ نے اس کی ماں کو فون کر کے بچے کو نیچے کسی کام سے بلایا اسی وقت رکشہ میں چاقو سے ڈرا دھمکا کر اور اس پر تشدد برپا کر کے اسے اغوا ء کر کے گوونڈی شیواجی نگر لیجایا گیا جہاں اسے پہلے تو ولیم عرف سہیل احمد نے اپنے گھر پر رکھا اس کے بعد ایک ملزم نے اپنے آفس مہاڈا کالونی میں بچے کو دو دنوں تک یرغمال بناکر رکھا بچے کو دو دنوں تک کھانا تک نہیں دیا گیا تھا
یہ ملزمین پیسوں کیلئے اس کے والدین کو فون ہی کر نے والے تھے کہ کرائم برانچ نے ملزمین کا سراغ لگا کر انہیں گرفتار کر لیا۔ ممبئی کرائم برانچ کے ڈی سی پی دلیپ ساونت نے بتایا کہ پانچوں ملزمین گوونڈی اور شیواجی نگر کے رہنے والے ہیں اور ایک دوسرے کو جانتے ہیں ان ملزمین نے 10 سے 15 دن قبل ہی یہ سازش تیار کی تھی اور سم کارڈ خرید کر فون کر نے ہی والے تھے کہ کرائم برانچ نے ان ملزمین کو دھر دبوچا جن ملزمین کو گرفتار کیا گیا ہے اس میں سلطان ریاض اللہ خان 26 سالہ گاڑیاں فروخت کرنے والا , جہانگیر حیدر علی شیخ 28 سالہ , ولیم عرف سہیل احمد صدیقی 33سالہ بے روزگار ,غفران محمد آصف شیخ 26سالہ رکشہ ڈرائیور , اور شبینہ اشرف خان 27 کو گرفتار کر لیا ہے یہ پانچوں ملزمین اس میں ملوث ہے اس کے بعد کرائم برانچ نے بہ حفاظت مغوی کو برآمد کر نے کا دعوی بھی کر لیا ہے ۔
ممبئی کرائم برانچ کے کارکردگی کی والد علیم خان نے ستائش کی اور کہا کہ ممبئی پولیس کے سبب ان کا بچہ انہیں مل گیا ہے پولیس نے روز اول سے ہی اس پر سنجیدگی سے کام لیا اور یہی وجہ رہی کہ بچے کو برآمد کر لیا گیا ہے ۔