بھیونڈی کے کالوار علاقہ میں آگ لگنے سے ۱۸؍گودام خاکستر
بھیونڈی:(عارِف اگاسکر) بھارتی رِیاست مہاراشٹر کےبھیونڈی تعلقہ میں واقع گوداموں میں آتشزنی کا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔گذشتہ صبح شہر کے بھنڈاری کمپاونڈ میں واقع کباڑکے گودام میںآگ لگنے کا واقعہ ابھی عوم کے اذہان سے محوبھی نہیںہوا کہ شام تقریباًساڑھے پانچ بجےکالوار علاقہ کے جئے راج کامپلیکس کے ایک لاکھ مربع فٹ کے رقبہ میں واقع ۱۸؍ گوداموں میں بھیانک آگ لگنے سے لاکھوں روپے مالیت کا ساز وسامان جل کر خاک ہو گیا۔ آگ لگنے کی جا نکاری ملتے ہی گودام میں کام کر نے والے تمام ملازمین فوراً گودام سے باہر نکل گئے جس کی وجہ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
آگ اتنی بھیانک تھی کے آگ لگتے ہی متذکرہ گوداموں کی چھت میں لگے ہوئے پترے اور دیواریںمنہدم ہو گئیں۔ آگ کی شدت کو دیکھتے ہوئے حفاظتی اقدامات کے تحت پورے علاقہ میں بجلی کی فراہمی کو منقطع کیا گیا۔بتایا جا تاہے کہ جمعہ کی شام ساڑھے پانچ بجے جئے رام کامپلیکس کے ایک گودام میں آگ لگ گئی۔مذکورہ گودام میں کاغذ، کاغذ کے پُٹھے اوربڑے پیمانے پر خام کاغذ کا ذخیرہ ہو نے سے آگ تیزی سے پھیلتے چلی گئی۔کچھ ہی دیر میںآگ نے مذکورہ گودام سے متصل مزید ۱۷؍گوداموں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ کی اطلاع مو صول ہو تے ہی بھیونڈی فائر بریگیڈ کی دو گاڑیاں اپنے عملہ سمیت فوراًجاےحادثہ پر پہنچ گئیں جس کے بعدفائر بریگیڈ کا عملہ آگ پر قابو پانےکی کو شش میں جُٹ گیا۔
آگ کی شدت کو دیکھتے ہوئے تھانے اور کلیان ڈومبیولی میو نسپل کارپوریشن فائر بریگیڈ کی مزید دو گاڑیوں کو طلب کیا گیا۔حالانکہ پانی کی شدید قلت کے سبب آگ پر قابو پانے کے لیے کافی جد وجہد کر نا پڑی اور کئی گھنٹوں کے بعد آگ پر قابو پایا جا سکا۔واضح ہو کہ بھیونڈی اور اس سے متصل کالہیر، پُر نا،کشیلی،داپوڈاوغیرہ علاقوں میںقومی اور بین الا قوامی کمپنیوں کے ہزاروں گودام واقع ہیں اور مذکورہ علاقہ ملک کا سب سے بڑا گودام زون کے نام سے جانا جا تا ہے۔جہاںکے گوداموں میں ملک کے دیگر شہروں سے لائے جانے والاخام مال سمیت بھاری اور قیمتی مصنو عات کا ذخیرہ کیا جا تا ہے اور یہیں سے انھیں دیگر شہروں کو روانہ کیا جا تا ہے۔ اس کے باوجود یہاں پر اب تک فائر بریگیڈ کا مر کز قائم نہیں کیا گیا ہے جس کی وجہ سے ان گوداموں میں آگ لگنے پر بھیونڈی سمیت بیرون شہر سے فائر بریگیڈ کی گاڑیوں کو طلب کیا جا تا ہے جن کے آنے تک آگ میں لاکھوں روپے مالیت کا ساز و سامان جل کر خاک ہو جا تا ہے۔