صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

دھاراوی :میٹھی ندی پروجیکٹ میں صرف ۱۲۴؍جھوپڑوں کو قانونی قرا ردینے پر ناراضگی

93,847

سروے میں راجیوگاندھی نگر کے۶۷۱؍ جھوپڑوں میں سے صرف ۱۲۴؍ جھوپڑوں کو بازآبادکاری کا اہل قرار دیا گیا ہے۔ دیگر مکینو ں میں شدیدبے چینی ۔ مہاڈا تک مورچہ نکالنے کی کوشش کی لیکن پولیس نے روک دیا۔۳۵؍ افراد پولیس کی تحویل میں_ یہاں۶۷۱؍ جھوپڑے میٹھی ندی پروجیکٹ کی زدمیں آرہے ہیں اور ان میں سے صرف ۱۲۴؍ جھوپڑوں کو قانونی جبکہ بقیہ جھوپڑوںکو غیرقانونی قرار کردیا گیا ہے ۔ اس لئے بدھ کو سیکڑوں مکین دھاراوی سے مہاڈا تک مورچہ نکالنے والے تھے لیکن صبح ہی میں پولیس نے تقریباً ۳۵؍ افراد کو حراست میں لے لیا اور مورچہ نکالنے سے روک دیاگیا ۔ اس کے خلاف سیکڑوں مقامی افراد نے دھاراوی پولیس اسٹیشن کے باہر احتجاج کرتے ہوئےعزم کیاکہ جب تک انھیں مہاڈا اور بی ایم سی کے متعلقہ افسران سے ملاقات نہیں کرائی جائے گی ، اس وقت تک وہ یہاں سے نہیں ہٹیں گے ۔

بھارتیہ شیتکری کامگار پکش کی جنرل سیکریٹری سامیا کورڈے نے بتایا کہ مکینوں کی بازآبادکاری اور اہلیت کا تعین صرف دھاراوی ری ڈیولپمنٹ پروجیکٹ کے ذریعے کیا جانا چاہئے۔ چونکہ میٹھی ریور ڈیولپمنٹ پروجیکٹ میونسپل کارپوریشن کے ذریعہ اعلان کردہ وائٹل پبلک پروجیکٹ ہے۔ اس لئےیکم جنوری۲۰۰۰ء سے پہلے اور بعد کے سروے میں موجود تمام۶۷۱؍مکانات بغیر کسی کٹ آف ڈیٹ کے ۱۰۰؍ فیصداہل ہونے چاہئیں ۔میٹھی ریور ڈیولپمنٹ پروجیکٹ سےمتاثر ہونےوالے تمام ۶۷۱؍مکانات میں رہنے والوں کی بازآبادکاری دھاراوی ہی میں ہی کی جانی چاہئے متاثرہ مکینوں کی اہلیت کے تعین اور ان کی بازآبادکاری کی جگہ کے بارے میں وضاحت کی جانی چاہئے۔

میونسپل کارپوریشن کی جانب سےیکم جنوری ۲۰۰۰ء سے پہلے اور بعد میں سروے کئے گئے تمام ۶۷۱؍مکانات میں سے ۱۰۰؍بغیر کسی کٹ آف ڈیٹ کے میٹھی ریور ڈیولپمنٹ پروجیکٹ کو میونسپل کارپوریشن کی جانب سےوائٹل پبلک پروجیکٹ قرار دینے کی وجہ سے اہل قرار دیا جائے ۔ دھاراوی میں میونسپلٹی کی سروے لسٹ کی وجہ سے میٹھی ندی کے کنارے واقع۶۰۰؍جھوپڑے نااہل قرار دیئے گئے ہیںجس سے علاقے میں بے چینی پائی جارہی ہے۔میونسپل انتظامیہ نے تقریباً۱۰۰؍ جھوپڑوں کو اہل قرار دیا ہے۔

بدھ کی صبح جیسے ہی اہل اور نااہل قرار دیئے گئے مکینوں کی فہرست کا اعلان کیا گیا۔اچانک علاقے میں دلال سرگرم ہوگئے۔ وہ نااہل قرار دیئے گئے مکینوں کو اہل کرانے کیلئے بھاری رقم کا مطالبہ کررہے ہیں ۔کئی جھوپڑے والے بدھ کو بے گھر ہونے کے خوف سے ساری رات جاگتے رہے۔ ان میں سے بہت سے لوگ ڈرتے ہیں کہ جوآشیانہ انہوں نے بنایا ہے ،وہ ایک لمحے میں تباہ ہو جائے گا۔

شہری انتظامیہ نے راجیو گاندھی نگر میں۱۸؍جھوپڑپٹیوں میں ۵؍سے ۶؍جھوپڑوں کو اہل قرار دیا ہے جبکہ باقی جھوپڑوںکو نااہل قرار دیا ہے۔مکینوںکا مطالبہ ہے کہ میونسپلٹی کو دیئے گئے دستاویزات کی دوبارہ جانچ کی جائے۔ انہوں نے مقامی لیڈروں کے پاس جاکر شہری انتظامیہ کے خلاف احتجاج کا انتباہ دیاہے۔

مارچ میں دھاراوی کے راجیو گاندھی نگر میں میٹھی ندی کے نالے کے کنارے رہنے والے سیکڑوں جھو پڑوں کا سروے کیا گیاتھا اور نوٹس دیئے گئے تھے جس میں ہدایت دی گئی تھی کہ تعمیرات کے حوالے سے اگر کوئی ثبوت ہے تو سینئر آفیسر، جی نارتھ ڈویژن کو دفتری اوقات میں نوٹس ملنے کے بعد ۷؍ دن کے اندر اندر پیش کئے جائیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.