ناندیڑ کے مالیگائوں میں تمباکو تاجرین کے خلاف کارروائی
ناندیڑ:(نامہ نگار) ناندیڑ ضلع تمباکو کنٹرول کمیٹی کے اسکواڈ نے آج ناندیڑ ضلع کے مالیگائوں میں چھاپہ مار کر ۱۳ تمباکو تاجرین کے خلاف کاروائی کی ہے۔ ان لوگوں سے ۴ ہزار ۹۰۰ روپیئے جرمانہ بھی وصول کیا گیا ہے۔ قومی تمباکو کنٹرول کمیٹی کے ماتحت ناندیڑ کمیٹی کی جانب سے یہ کاروائی کی گئی ہے۔ ضلع سول سرجن ڈاکٹر کدم‘ نوڈل آفیسر ڈاکٹر گنٹورکر کی نگرانی میں کوٹپا ۲۰۰۳ قانون کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کے خلاف یہ کاروائی کی گئی ہے۔ اس قانون کے مطابق سرکاری دفاتر کے اطراف اور تعلیمی اداروں کے اطراف تمباکو اور اُس کی اشیاء کی فر وخت پر مکمل امتناع عائد ہے۔ اس کے باوجود بھی ان اداروں کے اطراف بڑے پیمانے پر تمباکو اور تمباکو سے تیار کردہ اشیاء فروخت ہونے کی شکایت ملنے پر سرکاری افسران نے آج یہ کاروائی کی ہے۔