صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

تعلیمی بہتری کے لیے اجتماعی احتساب اور انتھک جد وجہد کی اشد ضرورت : طاہر شاہ

24,763

ممبئی : جماعت اسلامی ہند ممبئی شہر اور آل انڈیا آئیڈیل ٹیچرس ایسوسی ایشن کے اشتراک سے امسال جماعت دہم کے ریاست گیر ناقص نتائج کے تناظر میں ایک مذاکرے کا انعقاد بتاریخ 7 اگست بمقام میئر ہال اندھیری میں کیا گیا ، جس میں اساتذہ ، انتظامیہ اور محبان قوم و ملت کو مدعو کیا گیا ۔

ناظم شہر جماعت اسلامی ممبئی شہر عبد الحسیب بھاٹکر نے کہا کہ تعلیم کے ساتھ تربیت انتہائی ضروری ہے اور ہمیں اپنا اجتماعی احتساب کرنا چاہیے تاکہ ہم اپنی خامیوں کو دور کرسکیں اور اجتماعی طور پر معیار تعلیم کی بلندی کی جدوجہد کر یں ۔ اساتذہ ، انتظامیہ کی ڈسکشن میں تعلیمی معیار کی بہتری کے لیے کیا کوششیں کی جاسکتی ہیں؟ دہم جماعت کے تشویش ناک نتایج کی وجوہات اور اداروں کے منتظمین کے مسائل اور ان تمام مسائل کے حل سے متعلق تفصیل سے گفتگو کی گئی ۔

سلمہ لوکھنڈوالا (ڈایریکٹر اسکول ایجوکیشن انجمن اسلام) نے کہا کہ اسکول میں پرائمری اسکول کی سطح سے بہتری کی کو شش شروع کی جانی چاہیے اور بہتر تعلیمی نتایج کے لئے موثر منصوبہ بندی انتہائی ضروری ہے ۔ بنیادی اکتسابی مہارتوں سے آغاز ہو جس میں طلبہ کو پڑھنا لکھنا اور بنیادی ریاضی سب کو لازمی طور پر سکھایاجا نا چاہیے ۔

پرنسپل صبا پٹیل نے دہم کے نتایج کے بعد ان کے اسکول کے تجربات اور بہتری کے لیے اٹھائے گئے اقدامات پر روشنی ڈالی ۔ انھوں نے اسکول کے انصرام کو بہتر بنانے کے لئے تجاویز پیش کی ۔

طلباء کی ابتداء ہی سے ہمہ جہت ارتقاء کی طرف پیش روی ، والدین سے تعاون ، اساتذہ کی خالی اسامیوں کو مکمل کرنے کی پہل ، کمزور طلبہ کے لیے مخصوص نشستیں ، اساتذہ کی حوصلہ افزائی ، مثبت رویہ وغیرہ عناوین کو زیرِ بحث لایا گیا ۔ تمام ہی شرکا نے دلجمعی سے حصہ لیا اور مستقبل میں اپنی محنت اور ذمہ داریوں میں مزید استحکام کے ساتھ کوشش کرنے اور کروانے پر زور دیا ۔

مہمان مقررین میں مصطفیٰ پنجابی ، رفیق شیخ سر ، ڈاکٹر عظیم الدین ، ناصر شیخ سر ، خان مہتاب ، افضل مرچنٹ ، منصف قریشی ، لئیق غازی صاحبان نے اپنی رائے کا اظہار کیا ۔

ممبئی کے مختلف اسکولوں سے  تقریباَ ۸۰ اساتذہ و انتظامیہ سے منسلک افراد اس میں شریک ہوئے ۔

مذاکرہ کے  مہمانِ خصوصی کے طور پر سابق مقامی میونسپل کارپوریٹر  محسن حیدر نے بھی مثبت مشوروں سے نوازا اس کوشش کو جاری رہنے کی ضرورت اور اپنے تعاون کے عزم کا اظہار کیا ۔

پروگرام کی صدارت طاہر شاہ (صدر آل انڈیا آئیڈیل ٹیچرس ایسوسی ایشن ۔ ممبئی) نے کی جنہوں نے اختتامی خطاب میں اساتذہ ، انتظامیہ ، محبان قوم و ملت کے لئے لائحہ عمل پر روشنی ڈالی اور اجتماعی سطح پر مضبوط اور انتھک کوشش کرنے پر ابھارا ۔ انھوں نے کہا کہ یہ پروگرام تعلیمی بہتری کے لیے اجتماعی جدوجہد کا آغاز ہے ۔

 

Leave A Reply

Your email address will not be published.