صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

عید کے موقع پر مصلیان کی جانب سے سیلاب زدگان کے لیے 9 لاکھ روپیوں کا تحفہ

مغربی مہاراشٹرا کےسیلاب زدگان کے لیے ایس آئی او کی یک روزہ مہم کا تقریباً 100 مساجد میں اہتمام

36,184

ممبئی : طلباء تنظیم اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا کی جانب سے کولہاپور ، سانگلی و دیگر سیلاب متاثرین کے لئے مالی امداد جمع کرنے کی مہم جاری ہے ۔ پیر کے روز عیدالاضحٰی کے موقع پر ایس آئی او کے وابستگان نے جماعت اسلامی و بعض دیگر مقامی تنظیموں کے اشتراک سے عید گاہوں اور مسجدوں کے باہر اعانتیں وصول کیں ۔ نماز کی ادائیگی کے بعد عمل میں آئی اس مہم کے ذریعے ریاست بھر سے تاحال دس لاکھ سے زیادہ کی رقم جمع کی جاچکی ہے ۔

ریاست کی سطح پر ایس آئی او کی جانب سے سیلاب متاثرین کو راحت پہنچانے کی غرض سے مالی اعانت جمع کرنے کی مہم چلائی جارہی ہے ۔ واضح رہے کہ گزشتہ ہفتہ ہی ایس آئی او جنوبی مہاراشٹرا نے تقریباً دو لاکھ پچاس ہزار کی امداد آسام اور بہار کے سیلاب زدگان کیلئے روانہ کی ہے ۔

ایس آئی او کی مقامی اکائی و ریاستی ٹیم متاثرہ علاقوں میں دیگر این جی اوز کے ساتھ مل کر راحتی کاموں کو انجام دے رہی ہے ۔ فی الحال ان علاقوں میں ضروریات زندگی کے بنیادی سامان ، طبی امداد اور بے گھر لوگوں کے سہارے کے لیے قیام و طعام کی کوششیں کی جارہی ہیں ۔

ایس آئی او جنوبی مہاراشٹر کے سیکریٹری جنرل عزیر احمد رنگریز نے بتایا کہ ’آج عید الاضحٰی کے موقع پر مہاراشٹر کے مسلمانوں نے کولہاپور اور سانگلی کے لوگوں سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر تعاون کیا ہے ۔ زائد از 100 عید گاہوں اور مساجد کے باہر تنظیم کے وابستگان نے بعض مقامی تنظیموں و جماعت اسلامی کے اشتراک سے مالی اعانتیں وصول کی ہیں ۔ ایس آئی او نے یہ بھی فیصلہ کیا ہے کہ قربانی کے جانوروں کی چرم کے ذریعے حاصل ہونے والی رقم کو بھی سیلاب متاثرین کی امداد کے لئے استعمال کیا جائے گا‘ ۔

واضح ہو کہ جماعت اسلامی کی ذیلی تنظیم اسلامک ریلیف ونگ جو کہ سیلاب و دیگر زمینی و سماوی آفات کے موقع پر بچائو اور راحت کا کام کرتی ہے کی ٹیم کے ارکان بھی آج میرج ضلع سانگلی میں عید الاضحیٰ کی نماز ادا کی اور سیلاب زدگان کی امداد کے لیے نکل پڑے ہیں ۔ مذکورہ ونگ میں ڈیزاسٹر منجمنٹ کی تربیت حاصل کرچکے ارکان کی بھی بڑی تعداد شامل ہے ۔

 

Leave A Reply

Your email address will not be published.