صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

تلنگانہ میں مجلس کی کامیابی نے ثابت کیا ہے کہ مسلمانوں کو ہم پراعتماد ہے

مجلس ممبئی کے صدر شاکر پٹنی نے کہا ’یوگی کی نفرت انگیز بیانوں پر عوام کا دندان شکن جواب ہے کہ بی جے پی کو اس کی اوقات بتاتے ہوئے‘ایک سیٹ پر سمیٹ دیا

1,365

ممبئی : حالیہ ریاستی انتخابات کے نتائج پر مجلس ممبئی کے صدر شاکر پٹنی نے کہا ’یوگی کی نفرت انگیز بیانوں پر عوام کا دندان شکن جواب ہے کہ بی جے پی کو اس کی اوقات بتاتے ہوئے ایک سیٹ پر سمیٹ دیا‘ تلنگانہ انتخابات میں ٹی آر ایس کی شاندار واپسی اور ساتھ ہی مجلس اتحاد المسلمین کی اپنی سیٹوں پر برقراری یہ ثابت کرتا ہے کہ عوام جملوں اور جھوٹے وعدوں پر یقین نہیں رکھتے ۔ انہوں نے وقتی طور سے مودی اور بی جے پی کے ترقی والے الیکشنی جملوں پر یقین کرلیا تھا اس لئے ۲۰۱۴ میں بی جے پی کو کامیابی ملی ۔ اس کامیابی کی ایک وجہ کانگریس کی حکومت میں بد عنوانی کا زور اور اقلیتوں خصوصاً مسلمانوں کا اس نام نہاد سیکولر پارٹی پر متزلزل ہوا اعتماد بھی تھا ۔ شاکر پٹنی نے کہا پچھلے ساڑھے چار سال میں پردھان سیوک نے عوام کو سوائے جملوں کے اور کچھ نہیں دیا ۔ زیادہ سے زیادہ انہوں یہ کیا کہ پچھلی حکومتوں کے منصوبوں کی تکمیل پر افتتاح کرکے اسے اپنے نام کرلیا ۔ یہ باتیں مجلس اتحاد المسلمین ممبئی کے صدر عبد الرحمن شاکر پٹنی نے اخبارات کے لئے جاری ایک بیان میں کہیں ۔

انہوں نے کہا کہ مجلس کی تلنگانہ میں اپنی سیٹوں پر برقراری نے یہ ثابت کیا ہے کہ عوام کو ہم پر اعتبار ہے ۔ واضح ہو کہ مجلس اتحاد المسلمین نے تلنگانہ میں آٹھ سیٹوں پر اپنے امیدوار اتارے تھے جس میں سات سیٹوں پر کامیابی حاصل کی ۔ کانگریس نے ہمیں وہاں سیاسی طور پر کمزور کرنے کی کوشش کی لیکن عوام نے ہم پر اعتماد کرتے ہوئے ہمیں مزید استحکام عطا کیا اور ٹی آر ایس کو بھی اس سے فائدہ پہنچا ۔ شاکر پٹنی نے کہا کہ موجودہ حکومت میں یوگی جیسے لوگ ہندوستان کی سب سے بڑی ریاست کے وزیر اعلیٰ بنے بیٹھے ہیں جنہیں تاریخ کا بھی علم نہیں ۔ ان کا اشارہ یوگی کے اس بیان کی جانب تھا جب یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا تھا کہ وہ تلنگانہ میں انتخابات جیت گئے تو حیدر آباد کا نام بدل دیں گے اورجس طرح نظام کو بھگایا تھا اسی طرح اسد الدین کو بھی بھگادیں گے ۔

شاکر پٹنی نے کہا کہ انہیں معلوم ہی نہیں کہ نظام حید رآباد کو بھگایا نہیں گیا تھا بلکہ انہیں احترام کے ساتھ سرکاری عہدہ دیا گیا تھا اور انہی نظام نے ہند چین جنگ کے موقع پر مشکل حالات میں پانچ ٹن سوناحکومت ہند کو جنگی حالات سے نبرد آزما ہونے کیلئے دیا تھا ۔ شاکر پٹنی نے طنزیہ انداز میں کہا کہ وہ ہمیں بھگانا چاہتے تھے لیکن عوام نے انہیں ہی بھاگنے پر مجبور کردیا پانچ سیٹ سے ایک سیٹ پر سمٹ کر ذلت آمیز شکست سے ہمکنار ہوئے ۔ شاکر پٹنی نے دھولیہ بلدیہ انتخابات کا بھی تذکرہ کیا جہاں پہلی بار مجلس اتحاد المسلمین کے چار اراکین منتخب ہوئے ہیں ۔ شاکر پٹنی نے کہا کہ مجلس جہاں جہاں کامیاب ہوئی ہے وہاں وہ عوامی خدمات کیلئے مثال بنے گی ۔

 

Leave A Reply

Your email address will not be published.