صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

ممبئی میں ۷؍ ستمبر سے بارش شروع ہونے کا امکان:نجی ماہرین

89,096

محکمہ موسمیات نے ممبئی کیلئے معمولی بارش لیکن ضلع تھانے کیلئے ۷؍ اور ۸؍ ستمبر کو ’یلوالرٹ‘ ظاہر کیا

موسم کا حال بتانے والی نجی کمپنی ’اسکائی میٹ ویدر‘ نے پیش گوئی کی ہے کہ ممبئی میں ۷؍ ستمبر سے دوبارہ بارش شروع ہوسکتی ہے۔ اس دوران ممبئی کو پینے کا پانی سپلائی کرنے والی جھیلوں پر بارش نہ ہونے اور پانی سپلائی جاری رہنے سے سطح آب میں اضافہ کی جگہ معمولی کمی آئی ہے۔

ایک طرف جہاں اسکائی میٹ نے ممبئی میں ۷؍ ستمبر سے آئندہ چند روز کے لئے بارش کا سلسلہ دوبارہ شروع ہونے کی پیش گوئی کی ہے وہیں دوسری طرف محکمہ موسمیات نے ممبئی میں بارش کے تعلق سے اپنی پیش گوئی میں کوئی خاص تبدیلی نہیں کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ کو ممبئی میں معمولی بارش اور ۷؍ ستمبر سے وقفہ وقفہ سے ہلکی بارش کی امید ہے لیکن تھانے ضلع کیلئے محکمہ موسمیات نے ۸؍ اور ۹؍ ستمبر کیلئے ’یلو الرٹ‘ جاری کیا ہے۔ یعنی ماہرین کو تھانے ضلع میں جمعہ سے اچھی بارش ہونے کا امکان ہے۔

منگل کی صبح تک ممبئی کو پانی سپلائی کرنے والی جھیلوں میں ۹۰ء۵۴؍ فیصد پانی ذخیرہ تھا جبکہ پیر کو ان جھیلوں میں ذخیرہ آب ۹۰ء۶۹؍ فیصد تھا۔ اگرچہ یہ بہت معمولی فرق ہے لیکن ۳۰؍ اگست کو جھیلوں میں ۹۰ء۳۷؍ فیصد پانی تھا لیکن اس کے بعد سے جھیلوں پر ہلکی بارش کا سلسلہ جاری رہنے کی وجہ سے ۳۱؍ اگست سے جھیلوں میں سطح آب ۹۰ء۵۵؍ فیصد اور اس سے زیادہ ہی رہی۔

واضح رہے کہ اگست میں معمول سے کم بارش ہونے اور ستمبر کے ابتدائی حصہ میں بھی بارش ندارد ہونے کی وجہ سے ممبئی پر سال بھر پانی کٹوتی کی تلوار لٹک رہی ہے اور ماہرین نے ممبئی واسیوں سے پانی کو احتیاط سے استعمال کرنے کی صلاح دی ہے۔ اسکائی میٹ کے مطابق خلیج بنگال پر موسم میں تبدیلی آرہی ہے اور دبائو بننے کی وجہ سے بارش کیلئے موسم سازگار ہورہا ہے۔ جب یہ موسم مہاراشٹر کی طرف پہنچے گا تو اس کے اثرات سے ممبئی میں بارش ہونے کا امکان ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.