مہاتما گاندھی قتل کا الزام آر ایس ایس پر عائد کرنے کیخلاف مقدمہ میں
بھیونڈی کی عدالت میں کانگریس کے قومی صدر راہل گاندھی کی آئندہ پیشی ۱۶ ؍مارچ ۲۰۱۹کو
بھیونڈی:(عارِف اگاسکر)بھارتی رِیاست مہاراشٹر کے بھیونڈی شہر میںگزشتہ پارلیمانی انتخابات کے دوران ۶؍ مارچ ۲۰۱۴ء کو بھیونڈی لوک سبھا حلقہ سےانتخابی میدان میں قسمت آزمائی کرنے والے کانگریسی اُمیدوار وِشوناتھ پاٹل کے انتخابی مہم کے دوران کانگریس پارٹی کےقومی صدر راہل گاندھی نے بھیونڈی کے سونالے گرائونڈ پر مہاتما گاندھی کے قتل کے سلسلے میں آر ایس ایس کے ملوث ہونے کا الزام عائد کر تے ہوئے جو متنازع بیان دیا تھا۔اس کے خلاف یہاں کے ایک شہری اور آر ایس ایس کےبھیونڈی پر بھاری راجیش کُنٹے نے راہل گاندھی کے خلاف بھیونڈی کی مقامی عدالت میں ۱۹؍ مارچ ۲۰۱۴ء کو ہتک عزت کامقدمہ دائر کیا تھا۔بھیونڈی کی عدالت میں یہ مقدمہ گزشتہ چاربرسوں سے مسلسل جا ری ہے ۔ اس دوران راہل گاندھی بھیونڈی کی عدالت میں حاضر بھی رہے تھے۔
مقدمہ کے سلسلے میں آج بروز سنیچر۱۵؍ دسمبر ۲۰۱۸ء کو راہول گاندھی کی عدالت میں پیشی تھی۔ بھیونڈی کی عدالت میں جج اے اے شیخ کے روبرومذکورہ مقدمہ کی سماعت جاری ہے۔ لیکن پارٹی کے کاموں میں مصروفیت کی بنا پر آج سنیچر کے روز ہو نے والی سماعت کے دوران راہل گاندھی عدالت میں حاضر نہیں ہو سکے۔ جبکہ ان کے حریف عرض گذار راجیش کُنٹے کےبیرونِ شہر ہو نے کے سبب عدالت نےراہل گاندھی کے مقدمہ کی اگلی پیشی۱۶؍ مارچ۲۰۱۸ء کو مقرر کی ہے۔عدالت کی جانب سے مقدمہ کی سماعت کے لیے آئندہ تاریخ دستیاب ہو نے سے فی الحال تو راہل گاندھی کو راحت نصیب ہوئی ہےاور خیال کیا جا تا ہے کہ راہل گاندھی اپنی آئندہ پیشی پر عدالت میں حاضر ہو سکیں گے۔
یاد رہے کہ گزشتہ پارلیمانی انتخاب کے دوران ۶؍ مارچ ۲۰۱۴ء کو جب راہل گاندھی بھیو نڈی آئے تھے تو انھوں نےانتخابی مہم کے دوران اپنی تقریر میںالزام عائد کر تے ہوئے کہا تھا کہ مہاتما گاندھی کا قتل آر ایس ایس نے ہی کیا ہے۔ان کے اس متنازع بیان سے آر ایس ایس کے شہر ضلع صدر راجیش کُنٹے نے بھیونڈی کی عدالت میںراہل گانڈھی کے خلاف ہتک عزت کی عرضداشت دائر کی تھی۔ مذکورہ عرضداشت پرسماعت کے دوران ۳۰؍ جنوری ۲۰۱۷ء کو راہل گاندھی کو بھیونڈی کی عدالت میں حاضر ہو نا پڑا تھا۔اس وقت ان کے وکیل نےعدالت کو بتایا تھا کہ راہل گاندھی کے خلاف صرف اخباری بیان کو لے کر فرد جرم عائد کی گئی ہے۔
اس لیے اس تعلق سے تمام کاغذات عدالت میں پیش کیے جائیں۔ جس کے بعد عدالت نے فریق پارٹی کو حکم دیا تھا کہ وہ اس معاملہ کے تمام کاغذات کو پیش کرے۔ تاہم مذکورہ مقدمہ کی طوالت کے سبب آج تک اس مقدمہ کا فیصلہ نہیں ہو سکا ہے۔ اس سلسلے میں راہل گاندھی کے وکیل ایڈ وکیٹ ناناائیر نے بتا یا کہ آج ۱۵؍ دسمبر بروز سنیچر۲۰۱۸ء کو انھیں مقدمہ کی سماعت کے لیے عدالت میں حاضر ہو نا تھا۔ لیکن فریقین کی جانب سےعدالت میں کوئی بھی حاضر نہ ہو سکا جس کے سبب عدالت نے راہل گاندھی کے مقد مہ کی سماعت کی آئندہ تاریخ ۶ا؍ مارچ ۲۰۱۸ء کو مقرر کی ہے۔