صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

حکومت کی غلط پالیسیوں کیخلاف احتجاجاً مالیگائوں سمیت پوری ریاست میں پاورلوم بند

آل مالیگائوں بنکر مشترکہ تنظیم کی جانب سے محضرنامہ حکام بالا کو روانہ، پاور لوم بند کی وجہ سے دیگر کاروبار بھی متاثر ہوئے

1,313

مالیگائوں : ( عامر ایوبی) موجودہ ریاستی و مرکزی حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کیوجہ سے گھریلو صنعت پاورلوم دگرگوں حالات کا شکار ہے ۔ سوت کے دام میں اضافہ ، مصنوعی مندی وغیرہ سے تو پاورلوم صنعت جوجھ ہی رہی تھی ۔ موجودہ حکومت نے بنکروں کے درد کا درماں کرنے کی بجائے ان کے زخموں کو مزید گہرا کرنے کا کام کیا ۔ جی ایس ٹی کی وجہ سے پاورلوم صنعت کی کمر ٹوٹ کر رہ گئی جس کی وجہ سے بنکروں نے پاورلوم 6 نومبر سے 12 نومبر تک بند رکھنے کا نعرہ دیا تھا جوکہ کامیاب رہا ۔

بند صد فیصد کامیاب رہا

مالیگائوں ، دھولیہ ، بھیونڈی سمیت ریاست بھر کے تمام تر پاورلوم مراکز سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بند صد فیصد کامیاب رہا ۔ مالیگائوں اور دھولیہ کی بات کی جائے تو بند کے پہلے روز یعنی 6 نومبر کو کچھ بنکروں نے کاروبار جاری رکھا تھا لیکن بنکر تنظیموں نے انہیں سمجھا کر اپنے ساتھ شامل کیا ۔ مالیگائوں کی تاریخ میں یہ پہلا کامیاب بند رہاجس کی سب سے خاص بات یہ رہی کہ کارخانے داروں نے مکمل رضاکارانہ طور پر بند میں حصہ لیا ۔ کسی سیاسی جماعت کی مدد اور طاقت کا استعمال کئے بغیر ہی بند کامیابی سے ہمکنار ہوا ۔

دیگر کاروبار بھی متاثر رہے

مہاراشٹر کے مانچسٹر کہلانے والے شہر مالیگائوں میں صرف اور صرف پاورلوم واحد صنعت ہے ۔ اس کے علاوہ کوئی بھی صنعت یا بڑے پیمانے کا کاروبار مالیگائوں میں نہیں ہے ۔ اس بنا پر جب بھی پاورلوم پر مندی کا سایہ آیا اس وقت دیگر کاروبار بھی متاثر ہوئے بغیر رہ نہیں پائے ۔ پاورلوم بند کیوجہ سے مزدوروں کو ہفتہ واری تنخواہ نہیں مل سکی ۔ اس لئے کرانہ دکان سے لیکر سبزی مارکیٹ تک سب سنسان رہے اور لوگوں نے خریداری میں کمی کردی یا پھر ادھار سامان حاصل کئے ۔ دیگر کاروبار بھی واضح طور پر اس بند کیوجہ سے خسارے میں رہے ۔

بنکر تنظیموں نے محضر نامہ دیا

آل مالیگائوں بنکر مشترکہ تنظیم جس میں شہر کی مختلف تنظیمیں شامل ہیں انہوں نے نو نکاتی مطالباتی مکتوب مقامی ایڈیشنل کلکٹر ، پرانت و تحصیلدار کی معرفت حکام بالا کو روانہ کیا ۔ اور حکومت کے سامنے اپنے مسائل اور مطالبات رکھے ۔ دیئے گئے محضر نامہ پر نو بنکر تنظیموں کے عہدے داران کے دستخط بھی ہیں ۔ مقامی افسران نے محضر نامہ قبول کرتے ہوئے بنکروں کی آواز کو حکام بالا تک پہنچانے کا وعدہ کیا ۔ اس موقع پر یہاں ساجد آزاد انصاری ، کے ڈی مہاجن ، اسحاق چودھری ، عبدالمالک سیٹھ بکرا ، ایڈوکیٹ ہدایت اللہ ، نہال دانے والے ، سمیع اللہ انصاری ، عبدالعزیز مقادم ، افضل مرزا ، خلیل موٹو ، فہیم بھائی ، شکیل انقلابی ، خالد معین سمیت دیگر صنعتکار موجود تھے ۔

بند کی کامیابی پر اظہار تشکر

پاورلوم بند کی کامیابی پر بنکر تنظیموں نے اظہار تشکر بھی کیا ہے ۔ معروف بنکر خالد معین نے کہا کہ ’صد فیصد کامیابی کا سہرا بنکروں کے عظیم اتحاد کو جاتا ہے، اسی طرح مزدور ، گانٹھ پریس اور کارخانے سے منسلک دیگر لوگوں نے بھی خاطر خواہ مدد کی اس طرح سے اخبارات  کے مدیروں اور انکے نمائندگان نے بھی بند کی کامیابی کیلئے خبروں کی اشاعت کی اور ہماری آواز کو تقویت دیکر اسے حکومتی شعبہ تک پہنچایا ۔ ہم سبھی معاونین کے شکر گزار ہیں ۔

 

Leave A Reply

Your email address will not be published.