پروفیسر طارق منصور نے بیگم عزیزالنساء ہال کے ادبی و ثقافتی پروگرام کی فاتح طالبات کو انعامات تقسیم کئے
علی گڑھ : علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی طالبات کے لئے نو تعمیر شدہ بیگم عزیز النساء ہال کے زیرِ اہتمام منعقدہ سالانہ تقریب ’احتفال-2019‘ میں مختلف ادبی ، ثقافتی اور کھیل کود کے پروگراموں کی فاتح طالبات کو انعامات سے سرفراز کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے کہا کہ پندرہ سو بیڈ والے اس اقامتی ہال کی تعمیر ، یونیورسٹی میں طالبات کے لئے رہائشی سہولیات مہیا کرانے کی سمت میں ایک بڑا اقدام ہے ۔
پروفیسر طارق منصور نے ہال کی پرووسٹ پروفیسر صبوحی خان اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کافی قلیل مدت میں ہال میں رہائشی سہولیات کے علاوہ دیگر سہولیات کو بھی فروغ دیا ہے ۔ وائس چانسلر نے کہا کہ یونیورسٹی انتظامیہ یونیورسٹی میں اقامتی سہولیات کو بہتر بنانے کے لئے پُر عزم ہے ۔ وائس چانسلر نے مختلف مقابلوں کی فاتح طالبات کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ دیگر طالبات کو بھی اس قسم کے مقابلوں میں سرگرمی کے ساتھ حصہ لینا چاہئے ۔
پرو وائس چانسلر پروفیسر محمد حنیف بیگ نے ہال کے ترقیاتی سفر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس ہال میں دیگر ہالوں کے مقابلہ زیادہ اقامتی سہولیات دستیاب ہیں ۔
یونیورسٹی رجسٹرار مسٹر عبدالحمید آئی پی ایس نے ہال کی بنیادی سہولیات کاذکر کرتے ہوئے طالبات سے تمام سہولیات سے فیضیاب ہونے کی اپیل کی ۔
اس سے قبل ہال کی پرووسٹ پروفیسر صبوحی خان نے مہمانان کا خیر مقدم کیا جبکہ سینئر ہال مانیٹر عارفہ بھٹ نے سالانہ رپورٹ ، سینئر لٹریری مانیٹر انم بیگ نے ہال ویک رپورٹ پیش کی جس کو پونم اور شوانی شرما نے ترتیب دیا تھا ۔
اس موقع پر عریشہ زیدی نے ایک گیت پیش کیا جبکہ انم فاطمہ نے غزل پیش کی ۔ اس کے علاوہ انم بیگ نے اسلامو فوبیا کے خلاف ایک نظم پڑھی اور سعدیہ نے ممکری کی ۔ پروگرام کو کامیاب بنانے میں سینئر کلچرل مانیٹر علینہ سراج ، سینئر فوڈ مانیٹرس زیبا نوشین ، حرا رضوان اور فاطمہ خان نے اہم رول ادا کیا ۔ نظامت سارہ دلشاد اور یسریٰ خان نے کی ۔
پروگرام کے دوران مختلف ادبی و ثقافتی پروگرام کا انعقاد کیا گیا جن میں ڈبیٹ ، خود ساختہ شاعری ، بیت بازی ، مضمون نویسی ، فلم میکنگ ، پاور پوائنٹ پرزنٹیشن ، کوئز ، رنگولی میکنگ ، پینٹنگ ، سنگنگ ، مونو ایکٹنگ اور پیپر ڈریسنگ مقابلے وغیرہ شامل ہیں ۔ ایک ڈرامہ ’عورت‘ پر پینل ڈسکشن بھی عمل میں آیا ۔
اسپورٹس مقابلے سینئر اسپورٹس مانیٹر عریشہ عارف نے سابق فزیکل ایجوکیشن ڈائرکٹر عزیزہ رضوی کی نگرانی میں منعقد کرائے جبکہ ادبی و ثقافتی مقابلے لٹریری اینڈ کلچرل وارڈن انچارج علیشا ابکار کی زیرِ نگرانی کامیابی کے ساتھ انجام پائے ۔


