فائرنگ واقعہ کے ملزمین کو پولس کسٹڈی
ناندیڑ:(مقتدرالدین) ناندیڑ شہر میں ۴؍دسمبر کی رات ایک تاجر پر فائرنگ کرنے کا واقعہ پیش آیا تھا ۔ پولس نے فائرنگ معاملہ میں ۲ نوجوانوں کو گرفتار کیا ہے ۔ عدالت میں پیش کرنے پر جج نے اُنھیں پولس کسٹڈی میں رکھنے کے احکامات دیئے ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق ۴؍دسمبر کو رات ۹ بجے مہاویر چوک علاقہ میں موجود ہارڈ ویئر پلائی ووڈ کی دوکان کے مالک آشیش پاٹنی روزآنہ کی طرح رات ۹ بجے اپنی دوکان بند کرکے موٹر سائیکل پر مکان کی طرف جارہے تھے ۔ مہاویر چوک تا قدیم مونڈھا روڈ پر اُن کی موٹر سائیکل پر پیچھا کرتے ہوئے ۲ نوجوان موٹر سائیکل پر آئے اور بالاجی مندر کے پاس اُن پر ۳ راؤنڈ فائر کیئے ۔ ۲ گولیاں اُن کے پیر کے مانڈی میں لگی تھی ۔ فائرنگ کرنے والے وہاں سے فرار ہوگئے تھے ۔
اس واقعہ کے بعد ضلع ایس پی سنجے جادھو نے لوکل کرائم برانچ ٹیم کو فائرنگ واقعہ کی تحقیقات کا حکم دے کر ملزمین کو فوری گرفتار کرنے کی ہدایت دی تھی ۔ پچھلے ماہ نیا مونڈھا علاقہ میں بیئر بار کے مالک سریش راٹھور پر بھی اسی طرح سے فائرنگ کرنے کاواقعہ پیش آیا تھا ۔ کرائم برانچ کی ٹیم نے ناندیڑ سے قریب تری کوٹ علاقہ میں چھاپہ مار کر پریم جیت سنگھ سپورے عرف پپو (۲۲ سال) اور مکتیشور منگنالے عرف گولو (۲۰ سال) کو حراست میں لیا ۔ ان کے پاس سے پولس نے دو موٹر سائیکلیں ضبط کی ہیں ۔ پولس کا دعویٰ ہے کہ فائرنگ کے دونوں واقعات میں یہ دونوں نوجوان ہی ملوث ہیں ۔ ملزمین کو پولس نے گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا اور پولس کسٹڈی دینے کی اپیل کی تھی ۔ جج نے دونوں ملزمین کو پولس کسٹڈی میں رکھنے کے احکامات دیئے ہیں ۔