صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

مودی بھی کرناٹک پہنچے، انتخابی مہم شدید تر

44,191

 بی جےپی کی انتخابی مہم کو تقویت دینے کیلئے سنیچر کو وزیراعظم نریندر مودی  بھی کرناٹک پہنچ گئے جہاں انہوں نے یکے بعد دیگرے کئی ریلیوں اور بنگلور میں روڈ شو میں شرکت کی۔اس دوران  انہوں نےجہاں کانگریس کو ’’تھکی ہاری‘‘  قراردیتے ہوئے عوام سے بی جے پی کو واضح اکثریت سے کامیاب بنانے کی اپیل کی وہیں ملکارجن کھرگے  کے ’زہریلے سانپ‘ والے بیان کی بنیاد پر مظلومیت کا کارڈ کھیلنے کی بھی کوشش کی۔  وزیراعظم نے الزام لگایا کہ کانگریس اوراس کے لیڈر انہیں  اب تک ۹۱؍ بار مختلف قسم کی گالیاں  دے چکے ہیں۔ 
 انتخابی مہم میں مودی کا نیا نعرہ
 یاد رہے کہ جمعرات کو ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس صدر ملکارجن کھرگے  نے وزیراعظم مودی کا موازنہ زہریلے سانپ سے کیاتھا۔ مودی نے اس کا جواب دیتے ہوئے  جہاں مظلومیت کا کارڈ کھیلا وہیں کانگریس  پر  لنگایت سماج کی توہین کرنے اور ویر ساورکر کے ساتھ ہی ساتھ ڈاکٹر امبیڈکر تک کو برا بھلا کہنے کا الزام عائد کیا۔  وزیراعظم مودی نے اس یقین کا اظہار کرتے ہوئے کہ اسمبلی الیکشن میں فتح بی جےپی کی ہی ہونی ہے، سنیچر کو کنڑ زبان میں نیا انتخابی نعرہ دیا جس کا مفہوم  ’’اس بار کافیصلہ، بی جےپی کی اکثریتی سرکار‘‘ ہے۔ 
مودی کی  ۱۹؍ ریلیاں  ہوںگی
  وزیراعظم نریندر مودی کے کرناٹک پہنچنے کے بعد انتخابی مہم میں شدت آگئی ہے۔ وہ ۱۰؍ مئی کی پولنگ کیلئے ۸؍ مئی کو انتخابی مہم کے ختم ہونے سے قبل تک کرناٹک میں ۱۹؍ ریلیوں سے خطاب کریں گے۔ سنیچر کو انہوں نے  ہمن آباد اور دیگر  علاقوں میں انتخابی ریلیوں سے خطاب کرنے کے ساتھ ہی بنگلور نارتھ اسمبلی حلقے میں زبردست روڈ شوکیا۔   اس سے قبل مودی نے ہمن آباد میں   جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ’’ کانگریس والے جتنی گالیاں دیں گے، کمل اتنا ہی کھلے گا۔‘‘ انہوں نے الزام لگایا کہ’’ کانگریس  مودی کو اسی طرح گالیاں دے رہی ہے جیسے  انہوں نے بابا صاحب امبیڈکر اور ویر ساورکر کو گالیاں دیں۔ میں  اسے باعث فخر سمجھتا ہوں کہ میرے ساتھ ان جیسی عظیم شخصیات کی طرح سلوک کیا جارہاہے۔یہ میرے لئے ایوارڈ ہے۔‘‘
 وزیراعظم نے کہاکہ ’’یہ جان کر آپ حیران رہ جائیں گےکہ بابا صاحب امبیڈکر نے جلسہ عام میں خود  اس کی تفصیل بتائی تھی کہ کانگریس نے انہیں راکشس، غدار اور دغا باز کہا  تھا۔‘‘
 بی جے پی پر کانگریس کا حملہ
 دوسری طرف کانگریس کے صدر ملکا رجن کھرگے نے کرناٹک میںکئی مقامات پر عوامی ریلیوں سے خطاب  میں  عوام سے  بی جے پی کی ۴۰؍ فیصد کمیشن والی حکومت کو اکھاڑ پھینکنے کی اپیل کی۔ انہوں نے @مودی کو۷۰؍سال میں کانگریس کی کامیابیوں کی یاد دہانی کرائی اور کہا کہ کانگریس قیادت نے یونیورسٹیاں قائم کیں، ڈیم بنائے،  صنعتیں لگائیںاور پسماندہ افراد کو بااختیار بنایا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.