صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

فڈنویس ڈپریشن میں ہیں کیو ں کہ انہیں ایکناتھ شندے کا ماتحت بنا دیا گیا ہے

43,174

ایکناتھ شندے حکومت کو اپنے بیانات کے ذریعے اکثر آئینہ دکھانے والے شیو سینا لیڈر اور رکن پارلیمنٹ سنجے رائو ت نے اب نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس پر نشانہ لگایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیویندر فرنویس اس وقت ڈپریشن میں ہیں کیوں کہ انہیں ایکناتھ شندے جیسے جونیئر لیڈر کی ماتحتی میں کام کرنا پڑ رہا ہے جو ان سے برداشت نہیں ہو رہا ہے۔ سنجے رائوت نے مہاراشٹر کی سیاست میں گزشتہ کچھ دنوں میں ہونے والے شدید ہلچل کے حوالے سے کہا کہ یہ ہلچل صرف اس لئے مچی ہوئی ہے کیوں کہ فرنویس بہت بے چین ہو گئے ہیں۔ وہ ریاست کے وزیر اعلیٰ رہ چکے ہیں اور سینئر لیڈر ہیں جبکہ ایکناتھ شندے ان سے سیاسی تجربہ اور انتظامی امور کے معاملے میں بھی کافی جونیئر ہیں۔ ایسے میں فرنویس کی بے چینی یہاں سے لے کر دہلی تک محسوس کی جارہی ہے او ر یہی وجہ ہے کہ ریاست میں کبھی بھی بی جے پی اپنی حمایت واپس لے سکتی ہے۔ انہو ں نے شندے حکومت پر شدید تنقید بھی کی اور کہا کہ مہاراشٹر کی اس وقت جو حالت ہے وہ صرف اور صرف شندے حکومت کی نااہلی کے سبب ہے۔ سنجے رائوت نےایک نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے اجیت پوار کے تعلق سے بھی لب کشائی کی اور کہا کہ جو لوگ کہہ رہے ہیں کہ وہ این سی پی چھوڑ کر بی جے پی میں جائیں گے انہیں یہ بات سمجھ لینی چاہئے کہ این سی پی اجیت پوار کی اپنی پارٹی ہے ، ان کی فیملی کی پارٹی ہے وہ اسے چھوڑ کر بی جے پی میں غلامی کرنے کیوں جائیں گے ۔ سنجے رائوت نے یہ بھی واضح کیاکہ مہاوکاس اگھاڑی متحد ہے اور متحدہ طور پر ہی آگے آنے والے تمام الیکشن لڑے گی

Leave A Reply

Your email address will not be published.