صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

این آئی اے نے گرفتار نوجوانوں کو دہلی کے پٹیالہ کورٹ میں پیش کیا

پانچ ملزمین مزید ریمانڈ پر ، باقی کو جوڈیشیل کسٹڈی ،جمعیۃ علماء کے وکیل نے گزشتہ دس یوم کے ریمانڈ کی تفصیل پیش کرنے کا مطالبہ کیا

1,191

نئی دہلی : این آئی اے کی حالیہ چھاپہ ماری میں دہلی اور یوپی سے گرفتار مسلم نوجوانوں کو آج دہلی کے پٹیالہ کورٹ میں پیش کیا گیا ۔ جہاں جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا محمود مدنی کی ہدایت پر ملزمین کی طرف سے وکلاء موجودتھے ۔ جمعیۃ علماء ہند کے وکیل ایڈو کیٹ محمد نوراللہ نے بتایا کہ این آئی اے نے ایک بار پھر عدالت سے ان سبھی ملزموں کے لیے مزید ریمانڈ کا مطالبہ کیا ۔

ایڈیشنل سیشن جج راکیش سیال نے طرفین کی دلیلوں کی سماعت کے بعد مفتی سہیل اور ثاقب کے لیے مزید پانچ دن کے ریمانڈکی اجازت دی جب کہ ملزم محمد زبیر ، انس اور زید کے لیے تین یوم کا ریمانڈعطا کیا ۔عدالت نے ان کے علاوہ باقی پانچ ملزمین محمد ارشاد ، سعید ، رئیس ، ظفر اور اعظم کو جوڈیشل کسٹڈی میں تہاڑ بھیجنے کی ہدایت دی ۔ جمعیۃ علماء ہند کے وکیل نے جرح کے دوران یہ سوال اٹھا یا کہ مزید ریمانڈ دینے سے قبل گزشتہ دس یوم کے ریمانڈ کی تفصیل پیش کی جائے ، جس پر این آئی اے نے تحریری طور سے تفصیل پیش کی ۔ ایڈوکیٹ محمد نوراللہ نے بتایا کہ عدالت نے ملزمین کو ان کے رشتہ داروں سے ملنے کی آج اجازت دی حالاں کہ این آئی اے کے وکلاء اجازت نہ دیے جانے پر مصر تھے ۔ واضح ہو کہ مولانا مدنی نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ جمعیۃ علماء ہند ان کو قانونی امداد فراہم کرے گی ۔ جمعیۃ ہمیشہ سے یہ کہتی رہی ہے کہ دہشت گردی کے نام پر بے قصور افراد کو نشانہ نہ بنایا جائے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.