صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

پہلوانوں کے احتجاج کو اولمپک چمپئن ابھینو بندرا کی بھی حمایت، حکومت پر دباؤ مگر رویہ اڑیل

56,862

رسلنگ فیڈریشن آف انڈیا (ڈبلیو ایف آئی) کے سربراہ اور بی جےپی کے رکن پارلیمنٹ برج بھوشن شرن کی مبینہ جنسی زیادتیوں کے خلاف خاتون پہلوانوں کے احتجاج کو ملنے والی عوامی حمایت میں اضافہ ہوتا جارہاہے۔ دھرنا میں شامل  ونیش پھوگاٹ کی ملک کے دیگر کھلاڑیوں سےا ن کی مدد کی اپیل  پر بدھ کو اولمپک چمپئن ابھینو بندرا نے بھی  خاتون پہلوانوں کے حق میں آواز بلند کی۔اس کےعلاوہ دھرنا گاہ میں پہنچ کر مظاہرہ پر بیٹھی لڑکیوں  کے ساتھ اظہار یکجہتی کا سلسلہ بھی دراز ہورہاہے  جس کی وجہ سے مودی سرکار پر دباؤ بڑھ رہا ہے مگر وہ اپنے اڑیل رویہ پر قائم ہے۔ 
 ایف آئی آر درج نہ کرنے پر سپریم کورٹ کی سرزنش کے باوجود دہلی پولیس  نے عدالت کو دیئے گئے اپنے جواب میں  ابتدائی جانچ کی ضرورت کا جواز پیش کیا ہے۔  اس نے کہا ہے کہ   ڈبلیو ایف آئی کے سربراہ پر ۷؍ کھلاڑیوں کے جنسی زیادتی کے الزام کے تعلق سے ایف آئی آر درج کرنے سے قبل کچھ ابتدائی جانچ ضروری ہے۔ اس کے ساتھ ہی اس نے کہا ہے کہ اگر کورٹ چاہتا ہے کہ اس کے بغیر ہی ایف آئی آر درج کرلی جائے تو درج کرلی جائےگی۔ 
 اس بیچ اولمپک چمپئن ابھینو بندرا نے خاتون پہلوانوں  کے الزامات پر گہری تشویش کااظہار کرتے ہوئے ان کے ساتھ یکجہتی ظاہر کی۔انہوں نے ٹویٹ کیا کہ ’’بطور اتھلیٹ ہم  عالمی سطح پر اپنے ملک کی نمائندگی کرنے کیلئے سخت محنت کرتے ہیں۔ یہ دیکھ کر افسوس ہوتاہے کہ ہمارے اتھلیٹ کو رسلنگ انتظامیہ میں جنسی زیادتی  کے الزام کیلئے سڑک پر احتجاج کرنا پڑ رہاہے۔‘‘ انہوں نے مطالبہ کیا کہ خاتون پہلوانوں نے  جو موضوعات اٹھائے ہیں،انتظامیہ کو ان پر توجہ دینی چاہئے۔  انہوں  نے کہا کہ ’’میرا دل ان کیلئے دکھی ہے، جو متاثر ہوئی ہیں۔ یہ حادثہ جنسی زیادتیوں کوروکنے کیلئے مناسب میکانزم کی ضرورت کو بھی اجاگر کرتا ہے۔‘‘
 اس دوران دھرنے میں شامل پہلوان ساکشی ملک نے وزیراعظم نریندر مودی سے پہلوانوں کی دل کی آواز سننے کی اپیل کی۔انہوں نے مودی کو ’’بیٹی بچاؤ، بیٹی پڑھاؤ‘ نعرہ یاد دلاتے ہوئے کہا کہ ’’وزیراعظم سب کی من کی بات سنتے ہیں، کیا وہ ہماری من کی بات نہیں سن سکتے۔‘‘ انہوں نے  یاد دلایا کہ ’’جب ہم تمغے جیتتے ہیں تو وہ ہمیں اپنے گھر بلاتے ہیں، ہمیں  عزت دیتے ہیں اور اپنی بیٹی کہتے ہیں۔ آج ہم ان سے اپیل کرتے ہیں کہ ہمارے من کی بات سنیں۔‘‘ واضح رہے کہ ساکشی ملک نے  ریو گیمس میں ملک کیلئے کانسے کا سکہ جیتا تھا جس کے بعد وزیراعظم نے میڈیا کے سامنے ان سے بات چیت کی تھی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.