جنوری ۲۰۱۹ء سے ناندیڑ ۔ ممبئی نئی ٹرین متوقع
ناندیڑ:(منتجب الدین) ریلوے بورڈ نے پچھلے سال منماڑ ۔ ممبئی ۔ منماڑکے درمیان چلنے والی راجیہ رانی ایکسپریس ٹرین کو ناندیڑ تک توسیع دینے کا اعلان کیا تھا۔ پچھلے سال ریلوے کے نئے ٹائم ٹیبل میں اس ٹرین کو شامل بھی کیا گیا تھا ۔ مگر ناسک کے لوگوں نے اس ٹرین کو ناندیڑ تک توسیع دینے کے فیصلے کی مخالفت کی تھی۔ پر زور مخالفت کے سبب راجیہ رانی ایکسپریس ٹرین کو ناندیڑ تک توسیع دینے کا معاملہ ٹھنڈے بستے میں پڑچکا تھا۔ ناندیڑ کی عوام کا عرصہ سے مطالبہ ہے کہ ناندیڑ ممبئی کے لئے مزید ٹرین شروع کی جائے ۔ فی الحال صبح کے وقت ممبئی کے لئے تپون ایکسپریس اور شام کے اوقات میں دیو گری اور نندی گرام ایکسپریس روزآنہ ممبئی کے لئے چلائی جاتی ہے جب کہ ناندیڑ ۔ پنویل ٹرین ہفتہ میں پانچ دن چلائی جاتی ہے ۔
ریلوے محکمہ نے اس سے قبل بھی اعلان کیا تھا کہ سکندرآباد ۔ منماڑ ۔ سکندرآباد اجنٹہ ایکسپریس کو کلیان تک توسیع دی جائے گی مگر سائوتھ انڈیا کے لوگوں نے اس کی مخالفت کی تھی اور اجنتا ایکسپریس کو منماڑ تک ہی چلانے کا مطالبہ کیا تھا۔ ریلوے محکمہ نے ناندیڑ سے کوئی نئی ٹرین ممبئی کے لئے شروع نہیں کی۔ گذشتہ کل سائوتھ سینٹرل ریلوے کے جنرل منیجر ونود کمار ناندیڑ کے دورہ پر آئے تھے ۔ اس موقع پر انہوں نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ منماڑ ۔ ممبئی ۔ منماڑ کے درمیان چلائی جانے والی راجیہ رانی ایکسپریس ٹرین کو آئندہ جنوری سے توسیع دے کر ناندیڑ سے شروع کیا جائے گا۔ بتایا جارہا ہے کہ یہ ٹرین ناندیڑ سے رات ۹ بجے نکلے گی اور دوسرے دن صبح سی ایس ٹی ممبئی کو ۱۰ بجے پہنچے گی ۔ واپسی میں ممبئی سے شام ۷ بجے نکلے گی اور دوسرے دن صبح ۷ بجے ناندیڑ پہنچے گی ۔ بتایا جارہا ہے کہ توسیع دینے کے بعد اس ٹرین میں اضافی کوچ سلیپر اور اے سی کے لگائے جائیںگے تاکہ رات کا سفر کرنے والوں کو سہولت ہوسکے ۔ کیونکہ منماڑ ۔ ممبئی کے درمیان اس ٹرین میں صرف سیٹنگ کوچس ہوتے ہیں ۔ ناندیڑ تک توسیع دینے پر اس میں سلیپر کوچس لگائے جائیں گے ۔