الہ آباد کشتی سانحہ میں مرنے والے دیوی داس کچھوے کے مکان میں چوری
ناندیڑ:(منتجب الدین) ناندیڑ کے نائیگائوں تعلقہ کے کچھ افراد الہ آباد میں ایک خاتون کی استھیاں وسرجن کرنے کے لئے گئے تھے ۔ پچھلے دنوں وہاں پر نائو پلٹ جانے سے ناندیڑ کے ۸ لوگوں کی موت واقع ہوگئی تھی۔ جن میں مویشی افزائش آفیسر دیوی داس کچھوے بھی شامل ہے۔ دیوی داس کچھوے کا مکان نائیگائوں کے وینکٹیش نگر میں موجود ہے ۔ گھر کے تمام لوگ الہ آباد گئے ہوئے تھے اور وہاں حادثہ پیش آیا ۔ اسی دوران گذشتہ شب اُن کے مکان میں چوری کا واقعہ پیش آیا ۔ نامعلوم چوروں نے مکان کا تالا توڑ کر گھر میں موجود الماری میں سے ۲۰ تولے سونے کے زیورات‘ ۶ تولے چاندی کے زیورات اور نقد ۵۰ ہزار روپیئے چوری کرکے لے گئے ۔
بتایا جارہا ہے کہ دیوی داس کچھوے کی لڑکی کی شادی آئندہ فروری میں منعقد تھی جس کے لئے انہوں نے زیورات خریدی کرکے رکھے تھے ۔ گھر میں پہلے سے ہی موت کی وجہ سے ماتم تھا مزید چوری کی وجہ سے گھر والوں پر دوسری ایک آفت آن پڑی ۔ نائیگائوں پولس اسٹیشن میں نامعلوم چوروں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔ چوری کی واردات کے بعد علاقہ کے اسسٹنٹ ایس پی نورالحسن اور دیگر پولس افسران نے گھر کا معائنہ کیا ۔