قتل کے ملزمین کو پولس کسٹڈی ، جرائم کے دیگر واقعہ میں قتل کا فرار ملزم گرفتار
ناندیڑ : (نامہ نگار) اپنے ہی رشتہ دار کا قتل کرنے والے تین نوجوانوں کو پولس نے گرفتار کرکے ناندیڑ عدالت میں پیش کیا۔ جج نے ملزمین کو ۴ دن تک پولس کسٹڈی میں رکھنے کے احکامات دیئے ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق ناندیڑ ۔ حیدرآباد ہائی وئے پر شہر سے قریب کاکنڈی علاقہ میں ایک دھابے پر گذشتہ رات دتا کولے‘ رام کولے‘ بالاجی کولے‘ سنجے کولے یہ چاروں کھانا کھانے کے لئے گئے تھے ۔ وہاں پر اُن کا سنجے کولے سے جھگڑا ہوا۔ دتا کولے‘ رام کولے‘ بالاجی کولے ان تینوںنے مل کر سنجے کے سر پر لوہے کی راڈ سے وار کیا۔ جس سے وہ شدید زخمی ہوگیا تھا۔ سنجے کولے کو ناندیڑ کے سرکاری دواخانہ لایا گیا مگر اُس کی موت ہوگئی ۔ سڈکو گرامن پولس اسٹیشن میں تینوں ملزمین کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیا گیا ۔ پولس نے تینوں ملزمین کو گرفتار کرکے آج ناندیڑ عدالت میں پیش کیا ۔ جج نے ۴ دن تک پولس کسٹڈی میں رکھنے کے احکامات دیئے ہیں ۔
پچھلے ماہ قتل کی ایک واردات انجام دینے کے بعد سے فرار ایک ملزم کو اتوارہ پولس کی ٹیم نے گرفتار کیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق پچھلے ماہ ۱۳؍نومبر کو ہرمیندر سنگھ بھوسی والے (۲۵سال) نوجوان کا قتل ہسہ پور علاقہ میں گوداوری ندی کے پاس کیا گیا تھا ۔ قتل کے واقعہ میں تین ملزمین ملوث تھے ۔ جس میں سے پولس نے بالاجی کو گرفتار کیا تھا جو فی الحال جیل میں قید ہے ۔ جب کہ کرن مانے اور آتش جادھو فرار تھے جن کی تلاش میں پولس مصروف ہے ۔ اتوارہ پولس اسٹیشن کے ڈپٹی ایس پی دھننجے پاٹل کی ہدایت پر اتوارہ کے انسپکٹر صاحب رائو نرواڑے اور اُن کی ٹیم نے شہر کے چوپالہ علاقہ سے قریب فرار ملزم کرن مانے کو گرفتار کیا۔ اُس کے پاس سے پولس نے ایک خنجر بھی برآمد کیا ۔ اُس کے خلاف اتوارہ پولس نے آرمس ایکٹ کا مقدمہ درج کیا ہے ۔ اتوارہ پولس نے خطرناک ملزم کو گرفتار کیا ہے ۔