جھوٹ کی بنیاد پر عوام کو گمراہ کرنا بی جے پی کی روایت : اشوک چوہان
کوکن میں کانگریس کے چھٹویں مرحلے کے جن سنگھرش یاترا کے آغازکے ساتھ بی جے پی پر شدید تنقید
ساونت واڑی( سندھودرگ): مرکز وریاست کی بی جے پی حکومت کے خلاف ریاست بھر میں جاری مہاراشٹر ریاستی کانگریس کمیٹی کے جن سنگھرش یاترا کے چھٹویں مرحلے کے آغاز کے موقع پر سندھودرگ کے ساونت واڑی میں منعقدہ جلسۂ عام میں ریاستی کانگریس کے صدر اشوک چوہان نے بی جے پی پر شدید تنقید کی اور کہا کہ مودی وفڈنویس نے انتخابات سے قبل کے کئے ہوئے اپنے ایک بھی وعدے کو پورا نہیں کیا ۔ گزشتہ چار برسوں میں انہوں نے کوئی ایسا کام نہیں کیا ہے جن کی بنیاد پر یہ عوام سے ووٹ مانگ سکیں ۔
اپنے کاموں کی بنیاد پر یہ عوام کے درمیان نہیں جاسکتے ۔ انہوں نے کہا کہ جھوٹ بولنا اور جھوٹے وعدوں کی بنیاد پر عوام کو گمراہ کرنا بی جے پی کی روایت ہے اور وہ انتخابات قریب آجانے پر وہ اس روایت پر بہت مستعدی سے عمل کررہی ہے ۔ لیکن عوام بی جے پی کی چالوں کو اب سمجھ چکی ہے ، مجھے یقین ہے کہ آنے والے الیکشن میں وہ بی جے پی کو سبق سکھا دے گی اور اس کے جھوٹ کا بدلہ وہ گن گن کر لے گی ۔ اشوک چوہان نے کہا کہ موجودہ حکومت ریاست کو قرض کے گہرے کھائی میں ڈھکیل رہی ہے ۔ کروڑوں روپئے کا اعلان یہ صرف ایک چناوی جملہ ہے ۔
اس موقع پر اشو ک چوہان نے نرائن رانے کے کانگریس میں شمولیت کے بارے میں بولتے ہوئے کہا کہ نرائن رانے کی کانگریس میں شمولیت کے بارے میں کوئی بات چیت نہیں ہوئی ہے۔ انہوں نے اس موقع پر یہ بھی وضاحت کی کہ بالا صاحب تھورات نے نرائن رانے کے کانگریس میں شامل ہونے کے بارے میں کوئی بیان نہیں دیا ہے۔ اشوک چوہان نے پرکاش امبیڈکر کو بی جے پی مخالف محاذ میں شامل ہونے کے بارے میں کہا کہ ناندیڑ میں میری پرکاش امبیڈکر سے بات چیت ہوئی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ اگر کانگریس کے بارے میں پرکاش امبیڈکر نے کچھ کہا ہے تو یہ افسوسناک ہے ۔ ہم نے پرکاش امبیڈکر سے بات چیت کی تیاری دکھائی ہے ، اب انہیں بھی خواہش دکھانی چاہئے ۔
سابق وزیراعلیٰ پرتھوی راج چوہان نے بھی اس موقع پر خطاب کیا اور کہا کہ ریاستی حکومت نے ریاست کے دیگر علاقوں کی طرح کوکن کو بھی یکسر نظر انداز کیا ہے ۔ ریاست میں خشک سالی سے متاثرہ علاقوں کی مدد کے نام پر حکومت خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے اور کوکن کے مسائل پر بھی یہ چپ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ حکومت کسان مخالف، غریب مخالف اور ترقی مخالف ہے۔ اس حکومت میں شامل لوگوں کو ریاست کے عوام کی کوئی فکر نہیں ہے ۔ اگر ریاست میں ترقی دیکھنا ہے تو ایک اس حکومت کو جڑ سے اکھاڑپھینکنا ضروری ہے ۔
ساونت واڑی سے آج کانگریس پارٹی کی ریاستی سطح کی اس جن سنگھرش یاترا کے چھٹویں مرحلے کی شروعات ہوئی ۔ جلسہ عام میں اسٹیج پر حزبِ اختلاف لیڈر رادھا کرشن ویکھے پاٹل ، ریاست کے سابق وزیراعلیٰ پرتھوی راج چوہان، ودھان پریشد کے سابق ڈپٹی چیئرمین مانک راؤ ٹھاکرے،سابق ریاستی وزیر وایم ایل اے محمد عارف نسیم خان ، آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے سکریٹری اورمہاراشٹر کے نگراں آشیش دوا ، ایم ایل اے سنیل کیدارسمیت پارٹی کے دیگر اہم لیڈران ، عہدیداران وکارکنان شریک ہوئے ۔