گوونڈی سے کانپور کیلئے نکلا شخص لاپتہ ، گمشدگی کی رپورٹ درج ، تلاش جاری
ممبئی : گوگونڈی کے بیگن واڑی مٰں رہنے والے ابرہیم محمد سبراتی شیخ عمر 36 سال گھر سے اپنے وطن اتر پردیش کے کانپور شہر جانے کیلئے نکلے تھے لیکن کانپور نہیں پہنچے جس کی وجہ سے ان کی بیوی نے شیواجی نگر پولس اسٹیشن میں ان کی گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی ہے ۔ معلوم ہوا ہے کہ ابرہیم چاقو و قینچی میں دھار لگانےکا کام دھاراوی علاقہ میں کرتے تھے اور اپنی بیوی صوفیہ 29 ، بیٹی 12 ، اور بیٹے کے ساتھ گوونڈی کے بیگن واڑی میں رہتے تھے ۔ شیواجی نگر پولس اسٹیشن میں درج رپورٹ کے مطابق 13 ؍ اکتوبر کی صبح ساڑھے نو بجے گھر سے کانپور جانے کیلئے نکلے تھے لیکن جب دو دن بعد تک کوئی خبر نہیں ملی تو بیوی نے شوہر کی تلاش شروع کی اور شہر کے ریلوے اسٹیشنوں ، سرکاری اسپتالوں ، بس اسٹینڈ اور ان کے رشتہ داروں کے گھروں میں بھی تلاش کیا ۔ ہر جگہ سے تھک ہار کر 25 ؍ اکتوبر کو شیواجی نگر پولس اسٹیشن میں گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی ۔ اس کے بعد پولس نے بھی ابرہیم کی تلاش شروع کردی ہے ۔ گوونڈی سے مشتبہ حالت میں لاپتہ ہونے والے ابرہیم کی تلاش کیلئے ان کا خاندان پولس اسٹیشن اور اعلیٰ افسران کے چکر کاٹنے کو مجبور ہے ۔ شیواجی نگر پولس اسٹیشن نے گمشدگی کا معاملہ درج کرنے کے بعد ابرہیم کو تلاش کررہی ہے ۔ عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ ان کی خبر ملنے پر شیواجی نگر پولس اسٹیشن میں خبر کریں ۔