شعبۂ امراضِ اطفال کے پلمونولوجی اینڈ آئی ڈی کلینک کے زیرِ اہتمام بچوں کے مفت طبی جانچ کیمپ کا انعقاد
علی گڑھ :علی گڑھ مسلم یونیورسٹی(اے ایم یو) کے جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج کے شعبۂ امراضِ اطفال کے پلمونولوجی اینڈ آئی ڈی کلینک کے زیرِ اہتمام ’عالمی یوم ِ امراضِ تنفس‘ کے موقع پر بچوں کے مفت طبی جانچ کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس میں ان کی صحت کی جانچ کے علاوہ مفت دوائیں بھی تقسیم کی گئیں اور ان کے سرپرستوں کو امراضِ تنفس سے متعلق بیدار بھی کیا گیا ۔
اس کے علاوہ اقراء پبلک اسکول میں بھی پلمونولوجی اینڈ آئی ڈی کلینک کے زیرِ اہتمام بیداری کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس میں امراضِ تنفس کی علامات اور اس کے بچنے سے متعلق معلومات مہیا کرائی گئیں ۔
شعبۂ امراضِ اطفال کی سربراہ پروفیسر فرزانہ کے بیگ نے بتایا کہ جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج میں گذشتہ ایک سال میں بچوں میں215امراضِ تنفس کے معاملات درج کئے گئے اور ان کا علاج کیا گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ کلینک میں اسپائرو میٹر ، اسپائرو لیب ایم آئی اور فینو میٹر جیسی علاج کی جدید ترین سہولیات دستیاب ہیں ۔ پروفیسر بیگ نے کہا کہ بچوں میں امراضِ تنفس کے معاملات میں برق رفتاری سے اضافہ ہو رہا ہے ۔ امراضِ تنفس کے اہم اسباب میں ہوا کی آلودگی سے لے کر ایئر پارٹیکولر میٹرس کا بڑھنا ، تمباکو نوشی اور بچپن میں صحیح علاج کا نہ ہونا شامل ہے ۔
کیمپ کے انعقاد میں شعبہ کے پی جی طلبہ کا اہم رول رہا ۔