پانچ گمشدہ کمسن بچوں کی واپسی ، والدین کو مسرّت
ناندیڑ:(نامہ نگار) ناندیڑ شہر کے غنیم پورہ علاقہ سے ۵ کمسن مسلم بچے گذشتہ کل اچانک لاپتہ ہوگئے تھے ۔ ۵ کمسن بچوں کی گمشدگی سے قدیم شہر میں کھلبلی مچ گئی تھی ۔ پولس نے بھی ایک معاملہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کیا تھا ۔ آج صبح کے وقت یہ بچے اپنے مکان کو واپس لوٹ آئے ۔ تفصیلات کے مطابق کربلا سے قریب واقع غنیم پورہ علاقہ کا رہنے والا شہباز ۱۰ سال‘ عبدالمبین ۹ سال‘ محمد ریحان ۱۰ سال‘ شیخ سمیر ۹ سال‘ سید زبیر ۸ سال پانچوں بچے اچانک گذشتہ صبح گیارہ بجے کے بعد لاپتہ ہوگئے تھے ۔ بچوں کے والدین اور رشتہ داروں نے اُنہیں دن بھر تلاش کیا مگر کوئی پتہ نہیں لگا ۔ شام کے وقت بچوں کے والدین اتوارہ پولس اسٹیشن سے رجوع ہوئے ۔ اتوارہ پولس اسٹیشن کے انسپکٹر صاحب رائو نرواڑے‘ اے پی آئی پٹھان اور دیگر ٹیم نے شہر میں موجود مختلف سی سی ٹی وی کیمروں کا معائنہ شروع کیا اور ریلوے اسٹیشن ‘ بس اسٹانڈ پر جاکر تلاشی لی ۔
پولس نے وائر لیس کے ذریعہ سے بھی دیگر مقامات کی پولس کو بچوں کی گمشدگی کی اطلاع دی تھی ۔ بتایا جارہا ہے کہ یہ بچے گذشتہ کل اپنے گھروں سے نکل کر ناندیڑ ریلوے اسٹیشن پہنچے اور ریلوے اسٹیشن پر کچھ دیر رہ کر شام میں وہ ریل میں بیٹھ کر پورنا چلے گئے۔ رات میں پورنا ریلوے اسٹیشن پر سوگئے تھے ۔ سردی کی وجہ سے بچوں نے کسی دوسرے مقام پر جانے کی ہمت نہیں کی اور آج صبح ناندیڑ آنے والی ٹرین میں بیٹھ کر ناندیڑ لوٹ آئے ۔ واپس آنے پر پولس کو اطلاع دی گئی ۔ جس کے بعد پولس نے کاغذی کاروائی کرکے بچوں کو دوبارہ اُن کے والدین کے حوالے کیا ۔ اس موقع پر علاقہ کے کارپوریٹر عبداللطیف‘ محمد ناصر بھی موجود تھے ۔