اسٹینڈنگ کمیٹی چیئر مین عہدہ پر فاروق علی خان کا انتخاب
ناندیڑ:(منتجب الدین) ناندیڑ۔واگھالہ شہر میونسپل کارپوریشن کی اسٹینڈنگ کمیٹی چیئر مین عہدہ کے چنائو کے سلسلے میں کانگریس کے ریاستی صدر اشوک چوہان ‘ ایم ایل اے ڈی پی ساونت‘ امر ناتھ راجورکر نے ناندیڑ بلدیہ اسٹینڈنگ کمیٹی چیئر مین عہدہ کے لئے پیر برہان نگر علاقہ کے کانگریسی کارپوریٹر فاروق علی خان کے نام کو منظوری دی۔ جس کے بعد نگر سچیو کے پاس فاروق علی خان کا واحد پرچہ نامزدگی داخل کیا گیا تھا۔ اسٹینڈنگ کمیٹی میں کانگریس کے پاس اکثریت موجود ہے۔ چیئر مین عہدہ کے لئے صرف ایک ہی فارم داخل ہوا ہے اس لئے فاروق علی خان کا انتخاب یقینی ہوچکا تھا۔
آج ۱۸؍دسمبر کو صبح ۱۰ بجے اسٹینڈنگ کمیٹی کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا تھا۔ ضلع کلکٹر ارون ڈونگرے کو اسٹینڈنگ کمیٹی چیئر مین چنائو کے لئے الیکشن آفیسر مقرر کیا گیا تھا۔ ۱۸؍دسمبر کو اسٹینڈنگ کمیٹی کے خصوصی اجلاس میں فاروق علی خان کے چیئر مین منتخب ہونے کا اعلان الیکشن آفیسر کی جانب سے باقاعدہ طور پر کیا گیا۔ انہوں نے کانگریس صدر اشوک چوہان‘ رکن اسمبلی ڈی پی ساونت‘ امر راجورکرکا شکریہ ادا کیا۔ واضح رہے کہ فاروق علی خان پیر برہان نگر سے کانگریس کے ٹکٹ پر پچھلے تین چنائو سے مسلسل بھاری اکثریت سے منتخب ہوتے آئے ہیں۔ پچھلے ۱۰ سال کے دوران بھی اُنھیں کوئی عہدہ حاصل نہیں ہوا تھا۔ پارٹی میں اُن کی کارکردگی اور وفاداری کو دیکھتے ہوئے اُنھیں بڑی ذمہ داری اس بار سونپی ہے۔