صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

دھاراوی میں عرس مولا علی کے اختتام پر تعلیمی کانفرنس

1,267

ممبئی : اتوار 25  ؍ نومبر نو بجے شب باسٹھواں عرس پیر مولا علی شاہ کے اختتام پر ٹرسٹ نے ایک تعلیمی کانفرنس کا دھاراوی میں انعقاد کیا ۔ اسے درگاہ انتظامیہ کمیٹی جس میں خصوصی طور سے محمد اکرم خان حاجی بھائی پیش پیش تھے نے علاقے کے لوگوں میں تعلیمی بیداری کے مقصد سے اس کا انعقاد کیا ۔ اس موقع پر عام لوگوں سے متعارف ہونے اور تعلیم پر گفتگو کا موقع ملا ۔

یہ وہ موقع تھا جبکہ عرس کی سرگرمیاں عروج پر تھیں اور پہلا موقع تھا جب عرس انتظامیہ کمیٹی کو یہ مبارک خیال آیا کہ عرس کے موقع پر جدید اور اعلیٰ تعلیم کیلئے بیداری لانے کا بہتر کام ہوسکتا ہے ۔ انہوں نے کچھ مقامی طلبہ اور انکے سرپرستوں و والدین کو مدعو کیا جس میں مسلم اور غیر مسلم دونوں شامل تھے ۔ اس تعلیمی اجلاس میں دھاراوی جیسے علاقہ میں ایک ہزار سے زائد افراد شامل ہوئے ۔

انتظامیہ نے ان مقامی طلبہ کو جنہوں نے اپنی پیشہ وارانہ تعلیم جیسے ایم بی بی ایس ، بی اے ایم ایس ، ایم بی اے اور بی ای مکمل کی ہے انہیں مبارکباد دیتے ہوئے انکی حوصلہ افزائی کی نیز انکے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔ انہوں نے لائیو ویڈیو کے ذریعہ جرمنی میں ایرو ناٹیکل انجینئرنگ کررہے ایک طالب علم سے گفتگو کرائی جس نے ایم ایس سی مکمل کرنے کے بعد مذکورہ شعبہ میں ڈگری لینے کا فیصلہ کیا ۔ دھاراوی کی سلم بستی کا ایک اور لعل جو کہ سیفی اسپتال میں ڈاکٹر ہے کی بھی عزت افزائی کی گئی ۔ درگاہ اور عرس کمیٹی انتظامیہ کی سب سے مثبت فکر یہ ہے کہ انہوں نے اپنے بچوں کو مسجد میں مطالعہ کی اجازت دے رکھی ہے ۔ اسے یقینی طور پر مسلم معاشرے میں عظیم مثبت تبدیلی قرار دیا جاسکتا ہے واضح ہوکہ عرس کے اختتام پر یہاں محفل قوالی و مشاعرہ کا انعقاد ہوا کرتا تھا یہ پہلا موقع ہے کہ انہوں نے قوالی اور مشاعرہ کی بجائے تعلیمی کانفرنس کرکے وقت کے تقاضہ کو سمجھنے اور سمجھانے کی کوشش کی ہے ۔ اس انقلابی تبدیلی کیلئے عرس و درگاہ انتطامیہ کمیٹی مبارکباد کی مستحق ہے ۔ تعلیمی اجلاس سے شریف خان ، عامر انصاری ، ڈاکٹر کاظم ملک اور اپرنا نِمکر نے خطاب کیا ۔

 

Leave A Reply

Your email address will not be published.