صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

شکست نظر آتے ہی مودی وفڈنویس کی جملے بازی پارٹ۲ شروع : اشوک چوہان

جن سنگھرش یاترا کے پانچویں مرحلے کا ناگپور سے آغاز ، کانگریس نے کہا مودی سرکار صرف ۱۰۰؍دنوں کی مہمان !

1,595

ناگپور: مودی وفڈنویس نے انتخابات سے قبل کے کئے ہوئے اپنے ایک بھی وعدے کو پورا نہیں کیا ۔ گزشتہ چار برسوں میں انہوں نے کوئی ایسا کام نہیں کیا ہے جن کی بنیاد پر یہ عوام سے ووٹ مانگ سکیں ۔ اپنے کاموں کی بنیاد پر یہ عوام کے درمیان نہیں جاسکتے ۔ آئندہ انتخابات میں شکست سامنے نظر آنے پر مودی وفڈنویس کی جانب سے جملہ بازی پارٹ ۲ کی شروعات ہوچکی ہے ۔ یہ باتیں آج یہاں مہاراشٹرپردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ممبرپارلیمنٹ اشوک چوہان نے ناگپور کے رام ٹیک میں جن سنگھرش یاترا کے دوران منعقدہ عظیم الشان جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہیں ۔

واضح رہے کہ صبح دِکشا بھومی سے کانگریس پارٹی کی ریاستی سطح کی اس جن سنگھرش یاترا کے پانچویں مرحلے کی شروعات ہوئی ۔ دکشابھومی سے شہر کے مختلف علاقوں میں جن سنگھرش یاترا کا عظیم الشان جلوس نکلا۔ یاترا میں شامل تمام لیڈران ایک کھلی جیپ پر سوار ہوکر عوامی استقبال کا خیرمقدم کررہے تھے۔ اس جلوس کے دوران کانگریس کے لیڈران نے تاج الدین باباکی درگاہ پر حاضری دی جس کے بعد یہ یاترا کماٹھی کی جانب روانہ ہوئی۔ راستے میں جگہ جگہ لوگوں نے جن سنگھرش یاترا کا زبردست استقبال کیا ۔ اس یاترا کے رام ٹیک پہونچنے پر ایک عظیم الشان جلسہ عام منعقد ہوا جس میں اسٹیج پر حزبِ اختلاف لیڈر رادھا کرشن ویکھے پاٹل ، ریاست کے سابق وزیراعلیٰ پرتھوی راج چوہان ، ودھان پریشد کے سابق ڈپٹی چیئرمین مانک راؤ ٹھاکرے ، اسمبلی میں کانگریس پارٹی کے لیڈر ایم ایل اے وجئے وڈیٹی وار ، سابق مرکزی وزیر ولاس متموار ، سابق ریاستی وزیر وایم ایل اے محمد عارف نسیم خان ، آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے سکریٹری اورمہاراشٹر کے نگراں آشیش دوا ، ایم ایل اے سنیل کیدار ، ناگپور ضلع دیہی کانگریس کمیٹی کے صدر وسابق وزیر راجند مولک ، سابق ایم ایل اے مظفر حسین ، وسنت پورکے ، ریاستی اقلیتی کمیشن کے سابق چیئرمین مناف حکیم ، امول دیشمکھ ، اننت راؤ گھارڈ ، ریاستی کانگریس کے ترجمان اتل لونڈھے ، ریاستی کانگریس کے جنرل سکریٹری شیام امالکر ، پرکاش سوناؤنے ، رام کشن اوجھا ، سکریٹری توفیق ملانی ، شاہ عالم شیخ ، چندرہاس چوکسے وغیرہ موجود تھے ۔

اس اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اشوک چوہان نے مرکزی وریاستی حکومتوں کی غلط پالیسیوں پر تنقید کی ۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں ودربھ سے متصل ریاست مدھیہ پردیش اور چھتیس گڑھ میں عوام نے بی جے پی کو کراری شکست دی ۔ راجستھان کی عوام نے کانگریس کی حکومت کومنتخب کیا ، جس سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ اب ملک میں تبدیلی کی ہوا چل پڑی ہے ۔ راجستھان ، مدھیہ پردیش وچھتیس گڑھ میں کانگریس کی حکومت قائم ہوتے ہی سب سے پہلا فیصلہ کسانوں کی قرض معافی کا ہوا ۔ تینوں ہی ریاستوں میں کسانوں کا قرض معاف ہوا ۔ مہاراشٹر حکومت نے دو سال قبل کسانوں کی قرض معافی کا اعلان کیا لیکن ابھی تک کسانوں کا قرض معاف نہیں ہوا ، جبکہ کانگریس حکومت نے عوام سے جو وعدہ کیا تھا ، اسے فوری طور پر پورا کیا ۔ بی جے پی نے لوگوں سے جھوٹے وعدے کرکے ان کے ساتھ دھوکہ کیا ہے ۔

اشوک چوہان نے کہا کہ مہاراشٹر خشک سالی سے جوجھ رہا ہے ۔ لوگوں کو پینے کے لئے پانی میسر نہیں ہے۔ مویشیوں کے لئے چارہ نہیں ہے، لوگوں کے پاس کوئی کام نہیں ہے ، زرعی پیداوار کی قیمت نہیں ہے ، کسان دودھ وسبزیاں سڑکوں پر پھینک رہے ہیں۔ ریاست میں ۱۷؍ہزار سے زائد کسان خودکشی کرچکے ہیں ، لیکن حکومت کسانوں کو راحت دینے کے لئے کوئی اقدام نہیں کررہی ہے ۔ ودربھ میں چاول ، دال اور سویابین کی پیداوار بڑے پیمانے پر ہوئی ہے لیکن ان کی خریداری کا مرکز شروع نہیں ہوا ہے۔ ودربھ میں ایک بھی نئی سرمایہ کاری نہیں ہوئی جس کی وجہ سے بیروزگاری کا مسئلہ انتہائی سنگین ہوچکا ہے ۔ روزگار مانگنے والے نوجوانوں کو وزیراعظم پکوڑے بیچنے کا مشورہ دے رہے ہیں ۔

اشوک چوہان نے شولاپور میں پولیس کے ذریعے کانگریسی کارکنان کو مارے جانے پر سخت لہجے میں حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ شولاپور میں وزیراعظم کے وعدوں کو یاد دلانے کی کوشش کرنے والے کانگریسی کارکنان کے جمہوری طریقے سے کئے جانے والے احتجاج پر روک لگایا گیا اور پولیس نے انہیں بری طرح مارا۔ ہم اس کی سخت مذمت کرتے ہیں اور حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ مارپیٹ کرنے والے ان پولیس افسران کو فوری طور پر برخاست کرے۔ انہوں نے کہا کہ مودی سرکار صرف ۱۰۰؍دنوں کی مہمان ہے۔ اب یہ ہٹلرشاہی چلنے والی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیکولرووٹوں کے بٹوارے کی وجہ ہے بی جے پی کو فائدہ ہوا تھا۔ اب ریاست میں تمام سیکولر پارٹیوں کا اتحاد کرکے ہم بی جے پی کو شکست فاش دیں گے۔ اسمبلی کے حزبِ مخالف لیڈر رادھا کرشن ویکھے پاٹل ، سابق وزیراعلیٰ پرتھوی راج چوہان  ، سابق وزیروایم ایل اے محمد عارف نسیم خان، سابق وزیر وضلع کانگریس کے صدر راجندر مولک اور ایم ایل اے سنیل کیدار نے بھی اس موقع پر خطاب کیا اور مرکزی وریاستی حکومتوں پر تنقیدیں کیں ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.