چندر کانت کھیرے کے بیٹے کو اپنے وارڈ کے لوگوں کی پریشانیوں سے کو ئی دلچسپی نہیں
اورنگ آباد : (جمیل شیخ) رکن پارلیمنٹ چندر کانت کھیرے اورنگ آباد ضلع کی ترقی کا دعویٰ کرتے ہیں اوریہ بھی دعویٰ کرتے ہیں کہ انہوں نے ضلع کے عوام کے مفاد میں کئی ترقیاتی منصوبے منظور کروائے ۔ لیکن حقیقت یہ ہے کہ وہ اپنے بیٹے میونسپل کارپوریٹر کے بھوئی واڑہ وارڈ میں لوگوں کو بنیادی سہولتیں فراہم کرنے میں ناکام رہے ۔ یہاں کے لوگ وارڈ کے کارپوریٹر سے پریشان ہیں گذشتہ کئی دنوں سے لوگ مختلف مصائب سے گزررہے ہیں ۔ مجبوراً وارڈ کے کچھ لوگ میونسپل کارپوریشن دفتر پہنچے اور وارڈ میں بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کے علاوہ نلوں سے آلودہ پانی کی سپلائی کی روک تھام چوک اپ ڈرینج لائن کی درستگی مچھروں پر قابو پانے کے لئے علاقے میں دوائوں کے چھڑکائو جیسے کئی مطالبات پر مبنی ایک میمورنڈم ایڈیشنل کمشنر بھال سنگھ کو سپرد کیا ۔
نمائندہ سے بات کرتے ہوئے ان ساکنان نے بتایا کہ ۲۰۱۵ سے اس وارڈ سے رکن پارلمنٹ چندر کانت کھیرے کے فرزند منتخب ہوئے جنھیں وارڈ کے مسائل سے کوئی دلچسپی نہیں ہے ۔ سمرتھ نگر علاقہ چھوڑ دیا جائے تو بھوئی واڑہ نہرو پیلیس علاقہ میں پچھلے کئی ہفتوں سے لوگوں کو نلوں کے ذریعے آلودہ بدبودار اور بدرنگ پانی سپلائی کیا جارہا ہے ۔ اسی طرح وارڈ میں ڈرینج لائن چوک اپ ہوجانے کے سبب راستوں پر گندہ پانی ابل پڑا ہے جس کے باعث لوگوں کی صحت کو خطرہ لاحق ہوچکا ہے ۔ ساکنان بالخصوص وارڈ کی خواتین نے بتایا کہ یہ ایک قدیم وارڈ ہے اور بڑی آبادی پر مشتمل ہے یہاں کی ڈرینج لائن کافی پرانی ہوچکی ہے اور بوسیدہ ہوکر جگہ جگہ ٹوٹنے پھوٹنے لگی ہے ۔ اسی طرح بھوئی واڑہ علاقہ میں راستوں کی حالت انتہائی خستہ ہے جس کے باعث وارڈ کے لوگوں کو کافی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔
خواتین نے بتایا کہ وارڈ میں جانے کے بعد یوں محسوس ہوتا ہے کہ جیسے وہ کسی ایسے دیہات میں آچکے ہیں جس پر انتظامیہ کی نظر نہیں ہے ۔ سنٹرل بس اسٹینڈ کے قریبی علاقہ میں مرم کے ذریعہ راستوں کے گڑھوں کو بھرا گیا ہے ۔ جن پر سے گزرنا دشوار ہے اسکولی طلباء اور معمر لوگوں کو یہاں سے گزرنے میں کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ ساکنان نے بتایا کہ منتخب ہونے کے بعد سے رکن پارلیمنٹ چندر کھیرے کارپوریٹر نے وارڈ پر توجہ نہیں دی ۔ اور نہ ہی آکر انہوں نے خبر لی ۔ ساکنان نے بتایا کہ وہ کھلے عام کہتے ہیں کہ جنھوں نے مجھے ووٹ نہیں دیا ان کے علاقوں میں کام نہیں ہوگا ۔ ساکنان نے بتایا کہ میونسپل کارپوریشن انتظامیہ کو وہ آبرسانی اور دیگر ٹیکس حسب معمول ادا کرتے آرہے ہیں ۔ اب میونسپل کارپوریشن کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ ٹیکس ادا کرنے والوں کو بنیادی سہولتیں فراہم کرے ۔
وارڈ کے مرد وخواتین نے آج میونسپل کمشنر سے ملاقات کرکے اپنی شکایتیں ان کے سامنے رکھنے کا فیصلہ کیا تھا لیکن میونسپل کمشنر دفتر میں موجود نہ ہونے کے سبب ایڈیشنل میونسپل کمشنر سے ملاقات کی گئی اوروارڈ کے حالات سے انہیں واقف کرواتے ہوئے ایک میمورنڈم انہیں پیش کیاگیا جس میں مطالبہ کیا گیا کہ اندرون دو ہفتہ بھوئی واڑہ وارڈ کے مسائل حل کئے جائیں یہاں کے لوگوں کو بنیادی سہولتیں فراہم کی جائیں بالخصوص پینے کے لئے صاف پانی فراہم کیا جائے اور ڈرینج لائن کی فوری درستگی کرکے علاقہ میں دوائوں کا چھڑکائو کیا جائے بصورت دیگر میونسپل کارپوریشن دفتر پر احتجاج شروع کیا جائے گا اور اس کے بعد پیدا ہونے والے حالات کے لئے میونسپل کارپوریشن انتظامیہ یہاں کے افسران اور رکن پارلیمنٹ چندر کانت کھیرے کے کارپوریٹر بیٹے پر ذمہ دارہوں گے ۔