خواتین بچت گروپ کے قرض معاف کئے جانے کا مطالبہ
اورنگ آباد : (جمیل شیخ) خواتین بچت گروپوں کو دیئے گئے قرض فوری معاف کئے جائیں اس مطالبہ پرقرض دار ضمانت دار بچائو سنگھرش پارٹی کی جانب سے ایک جلوسو ڈویژنل کمشنر دفتر پر نکالا گیا اس موقع پر نمائندے سے بات کرتے ہوئے پارٹی کے جنرل سکریٹری سندیپ پانڈورنگ ہولے نے بتایا کہ اس سال اطمینان بخش بارش نہ ہونے کے سبب مراٹھواڑہ علاقہ میں قحط کی سنگین صورتحال ہے ۔ بچت گروپوں سے تعلق رکھنے والی خواتین پر فاقہ کشی کی نوبت آئی ہے ۔ ایسی حالت میں مہاراشٹر گرامین بنک سمیت تمام سرکاری بنک نجی بنک مائکرو پرائیوٹ فائنانس اور نابارڈ کی جانب سے قرض وصولی میں سختی کی جارہی ہے۔
جس کے باعث کسانوں کے ساتھ ساتھ بچت گروپ سے تعلق رکھنے والی خواتین خودکشی کرنے پر مجبور ہیں ۔ اس معاملے کی جانب انتظامیہ کی توجہ مبذول کروانے کے مقصد سے آج ایک جلوس ڈویژنل کمشنر دفتر تک لایا گیا ہے انہو ںنے بتایا کہ ڈویژنل کمشنر کو ایک مطالباتی محضر پیش کیاگیا جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ بنک آف مہاراشٹرا کی تمام شاخوں کے علاوہ دیہی بنک کوآپریٹیو بینک اور نابارڈ ومائیکرو فائنانس کو پابند کیا جائے کہ وہ قرض کی وصولی میں سختی نہ کریں ۔ جو قرض بچت گروپوں کی خواتین پر ہیں وہ معاف کردیا جائے گا ۔ اس جلوس میں بچت گروپوں سے تعلق رکھنے والی خواتین بڑی تعداد میں موجود تھیں ۔