صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

اشوک چوہان کا بی جے پی سے سوال عوام کے دلوں سے کانگریس کوکیسے نکالوگے

کنکولی میں کانگریس کی جن سنگھرش یاترا کا والہانہ استقبال ، سیکڑوں کارکنان کی کانگریس میں شمولیت

1,821

کنکولی( سندھودرگ) : ریاستی کانگریس کی جانب سے کوکن میں جاری جن سنگھرش یاترا کے دوران کنکولی میں مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ایم پی اشوک چوہان نے کہا کہ سڑکوں وعوامی مقامات پر لگائے گئے کانگریس کے جھنڈے وبینر نکالے جاسکتے ہیں ، لیکن عوام کے دلوں سے کانگریس کے جھنڈے وبینر کسے نکلے گا ؟۔ واضح رہے کہ جن سنگھرش یاترا کے دوران کنکولی میں لگائے گئے کانگریس کے جھنڈے وبینر کو کچھ لوگوں کی جانب سے نکالنے کی کوشش کی گئی تھی ، جس پر اشوک چوہان نے مخالفین کو آڑے ہاتھوں لیا ۔

جن سنگھرش یاترا کے کنکولی پہونچنے پر اس کا نہایت جوش وخروش کے ساتھ استقبال ہوا ۔ اس موقع منعقدہ جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے اشوک چوہان نے مرکزی وریاستی حکومت پر زبردست تنقید کی اور کہا کہ مہاراشٹر خشک سالی سے جھوجھ رہا ہے ، کسانوں کے قرضہ جات معاف نہیں ہورہے ہیں ، خشک سالی سے متاثرہ علاقوں میں مویشیوں کے لئے چارہ چھاونیوں کی ضرورت ہے اور ان حالات میں ریاستی حکومت ڈانس بار اور رقص وتفریح کا پروگرام کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ۳ سال سے شیواجی کی یادگار تعمیر کرنے کا کام رکا ہوا ہے ۔ اندومل میں ڈاکٹر باباصاحب امبیڈکر کی یادگارتعمیر کے لئے خود وزیراعظم نے بھومی پوجن کیا تھا ، لیکن سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ ابھی تک یہ یادگاریں تعمیر کیوں نہیں ہورہی ہیں ؟ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اپنی ناکامی کا ٹھیکرا کانگریس پر پھوڑنے کی کوشش کررہی ہے اور کانگریس پر جھوٹے اور بے بنیاد الزامات عائد کررہی ہے ۔ حقیقت یہ ہے کہ اندومل کی جگہ پر ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کی یادگار تعمیر کرنے کی بنیادی تجویز کانگریس نے ہی پیش کیا تھا ۔ اس کے باوجود کانگریس پر یہ الزام عائد کرنا کہ وہ اندومل کی جگہ ہڑپ کرنا چاہتی تھی ، مضحکہ خیز ہے ۔ اشوک چوہان نے کہاکہ وزیراعلیٰ کانگریس پر بے بنیاد الزامات عائد کرنے سے قبل ممبئی ڈیلپمنٹ پلان میں بدعنوانی کے تعلق سے اپوزیشن کے الزامات کا جواب دیں ۔

اس جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق کابینی وزیر نسیم خان نے کہا کہ کوکن کی تعمیر وترقی کی ضمن میں کانگریس کے کردار کو فراموش نہیں کیا جاسکتا ۔ کوکن کے تمام اضلاع میں آج جو بھی تھوڑی بہت ترقی نظر آرہی ہے ، وہ کانگریس کی ہی دین ہے ۔ ریاست کے سابق وزیراعلیٰ مرحوم عبدالرحمان انتولے کے دور میں ہی کوکن کے ترقی کو رفتار ملی جس کے اثرات آج بھی کوکن کے تمام اضلاع میں نظر آتے ہیں ۔ نسیم خان نے کہا کہ جب سے مرکز میں مودی اور ریاست میں فڈنویس سرکار آئی ہے ، کوکن نظر انداز ہونے لگا ہے ۔ آج ریاست میں کوکن ہی وہ علاقہ جہاں کے کسان ، زرعی مزدو ، مچھلیوں کا کاروبار کرنے والے ودیگر محنت کش لوگ سب سے زیادہ مشکلات کے شکار ہیں ، لیکن حکومت ان لوگوں کی مشکلات دور کرنے کے بجائے سماج میں فرقہ پرستی کا زہر گھول رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے عوام سے صرف جھوٹے وعدے کئے اور لوگوں کو گمراہ کیا ہے انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ کوکن کی ترقی و خوشحالی کے لئے اور فرقہ پرستی کے خاتمے کے لئے آنے والے انتخابات میں کانگریس کا ساتھ دیں ۔

اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے حزبِ مخالف لیڈر رادھا کرشن ویکھے پاٹل نے کہا کہ ۲۰۱۴ کے انتخابات میں بی جے پی نے سوشل میڈیا کا بڑے پیمانے پر غلط استعمال کیا ۔ آج وہی سوشل میڈیا بی جے پی کے سر پر سوار ہورہا ہے ۔ سوشل میڈیا کے ذریعے بے نقاب ہونے پر اب بی جے پی کی جانب سے یہ کہا جانے لگا ہے کہ سوشل میڈیا پر اعتماد نہ کیا جائے ۔ اس سے بی جے پی بوکھلاہٹ کی شکار ہوچکی ہے اور اسی لئے وہ سوشل میڈیا پر پابندی عائد کرنے کی کوشش کرہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جو کچھ جاری ہے ، اس کے پیشِ نظریہ کہا جاسکتا ہے کہ ملک میں ایمرجنسی کی سی صورت حال ہے ۔ رام کا نام لے کر اس کے بعد اب بی جے پی وشیوسینا کا اتحاد ہوگا ۔ جو رام مندر تعمیر کرنے کے لئے ایودھیا گئے ، وہ سریو ندی کی آرتی کرکے واپس آگئے ۔ انہوں نے ۲۵سالوں سے رام کے نام پر عوام کو بے وقوف بنایا ہے ۔

اس جلسۂ عام میں اسٹیج پر اسمبلی میں حزبِ مخالف لیڈر رادھا کرشن ویکھے پاٹل ، سابق کابینی وزیر وایم ایل اے محمد عارف نسیم خان ، راجیہ سبھا ممبر حسین دلوائی ، آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے سکریٹری ومہاراشٹر کے نائب نگراں بی ایم سندیپ ، ایم ایل اے بھائی جگتاپ ، سندھودرگ ضلع کانگریس کمیٹی کے صدر وکاس ساونت ، کولہاپور ضلع کانگریس کمیٹی کے صدر وسابق ایم ایل اے پی ایم پاٹل، سابق ممبرپارلیمنٹ بھالچندر منگیکر، سابق ایم ایل اے وجئے ساونت ، سابق ایم ایل اے ہنومنت پاٹل بیٹموگریکر ، سابق ایم ایل اے سبھاش چوہان ، سابق ایم ایل اے پشپ سین ساونت ، ریاستی کانگریس کے جنرل سکریٹری و ترجمان سچن ساونت، ریاستی کانگریس کے پسماندہ طبقات سیل کے صدر ڈاکٹر راجوواگھمارے ، ریاستی کانگریس کے جنرل سکریٹری راجن بھوسلے ، رام کشن اوجھا، پرکاش سوناؤنے ، ریاستی کانگریس کے سکریٹری رام چندر دلوی ، کاکا کڈالکر ، ڈااکٹر جیندر پرولیکر ، بالا گاوڈے اور مہندر ساونت سمیت کانگریس کے لیڈران ، عہدیداران وکارکنان بڑی تعداد میں شریک تھے ۔ جبکہ دیگر پارٹیوں کے سیکڑوں کارکنان نے اس موقع پر کانگریس میں شمولیت اختیار کی ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.