صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

اے پی سی آر کرناٹک ہائی کورٹ میں حجاب پر پابندی کے معاملے میں طلبہ کی نمائندگی کر رہی ہے

73,728

بنگلورو : کرناٹک ہائی کورٹ نے آج کندرپارا کالج کے مسلم طالبات کے کیس کی سماعت کی جس میں کرناٹک حکومت کی طرف سے کالجوں میں حجاب پر پابندی کو چیلنج کیا گیا تھا۔

جسٹس کرشنا ایس ڈکشٹ نے درخواستوں پر سماعت کرتے ہوئے معاملے کی کل سماعت کرنے کا حکم دیا اور طالبات اور عام لوگوں سے امن برقرار رکھنے کی اپیل کی۔ بنچ نے کہا، ’’ہم دلیل اور قانون کے ذریعے معاملات کو دیکھیں گے، جذبے یا جذبات سے نہیں‘‘۔

حکومت قرآن کے خلاف فیصلہ نہیں دے سکتی۔ پسند کا لباس (حجاب) پہننا بنیادی حق ہے، تاہم، حکومت بنیادی حقوق پر قدغن لگا رہی ہے۔ یونیفارم پر حکومت کا کوئی واضح حکمنامہ نہیں ہے۔ حجاب پہننا ذاتی آزادی کا معاملہ ہے۔ اس سلسلے میں حکومتی حکم فرد کی آزادی کے حدود کی خلاف ورزی کرتا ہے۔

اسوسی ایشن فار پروٹیکشن آف سول رائٹس نے آج کرناٹک ہائی کورٹ میں سینئر ایڈوکیٹ دیودت کامت کے ذریعے طلباء کی نمائندگی کی۔ کامت نے کہا، "اسکولوں میں، کوئی ناما پہنتا ہے، کوئی حجاب پہنتا ہے، یہ اس مثبت سیکولرازم کی عکاسی کرتا ہے جس کی ہندوستان میں پیروی کی جاتی ہے ۔

کامت نے عدالت کو توجہ دلائی کہ "کرناٹک ایجوکیشن ایکٹ کے سیکشن 7 کے تحت جاری کردہ سرکولر ریاست کے اختیارات سے باہر ہے اور وہ ڈریس کوڈ کا تعین نہیں کر سکتی جو آرٹیکل 25، 19 اور 14 کی واضح خلاف ورزی ہے ۔

انہوں نے مزید کہا، "کیا پہننا ہے یہ خود اختیاری اور اظہار رائے کے حق کا ایک حصہ ہے اور لباس کا ضابطہ، اگر مقرر کیا گیا ہو، مناسب اور بنیادی حقوق کے مطابق ہونا چاہیے ۔ حجاب پہننے والے طلبہ کو الگ سے بیٹھنے کی اجازت دینا مذہبی و نسلی منافرت کی ایک شکل ہے۔ اس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ مذہبی نسل پرستی اور اچھوت پرستی کو مکمل طور پر ختم نہیں کیا جاسکا ۔

انہوں نے سوال کیا کہ ’’صرف امن و امان کی صورتحال ہی امن عامہ کا مسئلہ نہیں ہے۔ ایک لڑکی سر پر اسکارف باندھ کر اسکول جارہی ہے، یہ امن عامہ کا مسئلہ کیسے ہوسکتا ہے‘‘۔

اے پی سی آر کا خیال ہے کہ آئین میں دی گئی بنیادی آزادیوں اور حقوق کا سب کے لیے احترام کیا جانا ضروری اور ریاست کو ایک ایسا قابل اعتماد ماحول بنانے کے لیے اپنی ذمہ داری کی پاسداری کرنی چاہیے جہاں ان حقوق کا آزادانہ استعمال کیا جا سکے اور ہم تمام طلبہ کے ساتھ کھڑے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.