صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

الحمد ایجوکیشن سوسائٹی کے تیسرے تمثیلی مشاعرے کا شان دار انعقاد

1,207

بھیونڈی (عارِف اگاسکر)اردو زبان کو فروغ دینے میں مشاعرے کل بھی اہم کردار نبھاتے رہے ہیں اور آج بھی یہ سلسلہ جاری ہے کیونکہ مشاعرے ہماری تہذیب و ثقافت کی پہچان ہوتے ہیں ۔ یہی وجہ ہے کہ زبان کے فروغ میں مشاعروں کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔بھیونڈی کا معروف تعلیمی ادارہ الحمد ایجوکیشن سوسائٹی اردو زبان کو ترقی دینے کے مقصد سے مسلسل سرگرمِ عمل ہے جس کے حصول کے لیے مختلف تقریبات کا انعقاد کیا جاتا ہے ۔ اسی ضمن میں گزشتہ دنوں الحمد ہائی اسکول اینڈ جونیر کالج کے میدان پر مختلف اسکولوں اور کالجوں کے اساتذہ کے ذریعے تمثیلی مشاعرے کی خوب صورت محفل برپا کی گئی تھی جسے سامعین نے خوب سراہا اور تمثیلی شاعروں کے ذریعہ حقیقت کی بہترین عکاسی کر نے پر انھیں داد تحسین عطا کی ۔

تمثیلی مشاعرے کی صدارت مشہور و معروف شاعر جگر مرادآبادی(سیماب انور) نے کی جبکہ مذکورہ تقریب کاافتتاح مشہور شاعر و ادیب محمد رفیع انصاری نے کیا ۔ ا س شان دار تقریب میں پروفیسر وسیم بریلوی ، احمد فراز ، شمیم جے پوری ، خمار بارہ بنکوی ، ڈاکٹر ساغر اعظمی ، ڈاکٹر کلیم قیصر ، ڈاکٹر ماجد دیو بندی ، اقبال اشہر ، رفیق شادانی ، خالد زاہد ، الطاف ضیا، واحد مالیگانوی ، خورشید حیدر ،عمران پرتاپ گڑھی ، شکیل مبارک پوری، سفیان پر تاب گڑھی کے علاوہ معروف ناظمِ مشاعرہ انور جلال پوری (سرفراز مرمکر) کی تمثیل انھیں کے گیٹ اپ اور انداز میں پیش کی گئی ۔ حاضرینِ محفل نے تمام تمثیلی شاعروں کے ذریعے حقیقت سے قریب ترین پیش کش کی خوب ستائش کی ۔ اس تقریب میں مہمانِ خصوصی پرنسپل محمد شبیر فاروقی تھے ۔

مشاعرے کے کنوینر عبدالعزیز انصاری نے استقبالیہ کلمات پیش کیے اور تمام تمثیلی شاعروں اور مہمانان ڈاکٹر مجیب اللہ خان ، محمد حسین خان، انصاری مشتاق اقبال ، شیخ محمد احمد(سجو بھائی) ، غلام محمد خان ، ارشد خان چن ، دیان شیخ ، غیاث الدین انصاری کا استقبال کیا ۔ الحمد ایجوکیشن سوسائٹی کے جنرل سیکریٹری اور سرپرست ریاض الدین خان نے جملہ مہمانان اور تمثیلی شعرا کی خدمت میں گل پیش کیا ۔ اس موقعے پر سوسائٹی کے عہدے داران اور اراکین کے علاوہ باذوق سامعین کی کثیر تعداد موجود تھی ۔ اس تقریب کو کامیاب بنانے میں مشاعرہ کمیٹی کے اراکین ڈاکٹر نیاز احمد اعظمی ، مولانا احمد علی خان ، قیام الدین خان ، ڈاکٹر مطیع اللہ خان ، مولانا شہروز، شمیم احمد انصاری، ابوالکلام شیخ، ندیم احمد اعظمی ، عبدالطیف خان کے علاوہ ، مومن شرجیل، نور عالم انصاری، رضوان انصاری، اخلاق احمد ، محمد راشد ، شیخ فراز ، خان ارشاد اور جملہ اسٹاف کا بھرپور تعاون حاصل رہا ۔ ڈاکٹر مطیع اللہ خان کے اظہارِ تشکرکے بعد یہ خوب صورت تمثیلی مشاعرہ اختتام کو پہنچا ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.