صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

لاک ڈاون کے دوران تقریبا ساڑھے تین لاکھ پاس جاری کیے گئے

ریاست کی جانب سے دیے گئے رہنما ہدایات پر سختی سے عمل پیرا رہیں : انیل دیشمکھ

276,891

ممبئی:لاک ڈاون شروع ہونے سے اب تک ریاست میں کرونا سے جنگ کے دوران اشیائے ضروریہ اور ضروری خدمات کے لئے۳؍لاکھ۳۲؍ہزار ۸۴۳؍’’کرفیوپاس‘‘ محکمہ پولس کی جانب سے دیے گئے ہیں۔ اسی طرح۲؍لاکھ ۵۸؍ہزار۷۹۲؍افراد کو قرنطینہ میں رکھا گیا اس طرح کی اطلاع ریاستی وزیر داخلہ انیل دیشمکھ نے دیتے ہوئے مزید کہا کہ ریاست میں لاک ڈاون کے دوران یعنی۲۲؍ مارچ سے ۱۰؍ مئی تک دفعہ ۱۸۸؍ کے تحت ایک لاکھ ۳؍ہزار۳۴۵؍ جرائم کا اندراج کیاگیا جس میں ۱۹؍ ہزار ۶۳۰؍ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے ۔ کرونا سے لڑنے کے لئے ہماری پولس ، طبی عملہ، ڈاکٹرس، نرس رات دن محنت کر رہے ہیں مگر کچھ شرپسندوں کے ذریعہ ان پر حملہ بھی کیا گیا ہے ۔ اس لاک ڈاون کے دوران پولس پر حملہ ہونے کی ۲۰۷؍ واردات ہوئیں ہیں جس میں ۷۴۷؍ افراد کو گرفتار کرتے ہوئے قانونی کاروائی کی جا رہی ہے۔

محکمہ پولس کا ہیلپ لائن نمبر۱۰۰؍ کی خدمات ریاست کے تمام اضلاع میں جاری ہے ۔ اس ہیلپ لائن نمبر پر۸۸؍ہزار ۶۲۳؍ فون آئے جس پر ضروری کاروائی کی گی۔ اسی طرح ریاست میں  محکمہ پولس کے ذریعہ جن افراد کے ہاتھ پرقرنطینہ کا سکہ لگایا گیا تھا ایسے ۶۶۲؍ افراد کی تلاش کرتے ہوئے انہیں قرنطینہ میں بھیجا گیا ہے۔ ریاست میں کل۲؍لاکھ ۵۸؍ہزار ۷۹۲؍ افراد قرنطینہ میں ہیں ۔لاک ڈاون کے دوران غیر قانونی طریقے سے چلنے والی ۱۲۹۱؍ گاڑیوں پر مقدمات کا اندراج کیا گیا اسی کے ساتھ ۵۵؍ہزار ۷۸۴؍ گاڑیاں ضبط بھی کی گئیں ہیں ۔ بیرون ممالک سے آنے والے ۱۵؍افراد پر ویزہ کی شرائط کی خلاف ورزی کرنے پرقانونی کاروائی کی گئی ہیں۔

ریاست میں کرونا قہر پر قابو پانے کے لئے محکمہ پولس رات دن محنت کر رہا ہے مگر بہت ہی افسوس ناک بات ہے کہ ممبئی میں۴؍،پونہ، شولاپور اور ناسک گرامین میں ایک ایک پولس اہلکاروں کی موت واقع ہوگئی ہے ۔ لاک ڈاون کے دوران۹۱؍ پولس افسران اور ۷۹۶؍ پولس اہلکاروں میں کرونا کے مثبت اثرات پائے گئے جن کا علاج جاری ہے انہوں نے محکمہ پولس کے تمام ہی اہلکاروں سے درخواست کی کہ اگر ان میں کرونا وائرس کی علامات یا اثرات پائے جاتے ہیں تو انہیں فوراً اس کی خبر اپنے اعلی افسران کو دینا چاہئے جس کے لئے ریاست کے تمام علاقوں میں ایک کنٹرول روم بنایا گیا ہے۔

انیل دیشمکھ نے مزید بتایا کہ ریاست میں۴۰۵۰؍ ریلیف کیمپ ہیں جن میں تقریباً۳؍لاکھ ۹۵؍ہزار ۵۸۸؍ لوگوں کے رہنےاور کھانے کا انتظام کیاگیا ہے۔ کرونا کے خلاف جاری جنگ میں ریاست کے ہر فرد کا تعاون ضروری ہے۔ لاک ڈاون کے دوران الگ الگ طرح کی افواہیں گشت کرتی رہیں مثلاً ’’ممبئی میں پولس کی جگہ فوج آئے گی‘‘ ایسی افواہوں پر دھیان نہ دیں، اسی طرح سماجی دوری قائم رکھنے کی جوابدہی ہم سب کی ہے ۔ کرونا سے متعلق جاری کی گئی رہنما ہدایات پر پوری طرح سے عمل کرتے ہوئے ہمیں ریاست کو کرونا سے پاک کرنا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.