توفیق مرزا مدیر روزنامہ سحر ناندیڑ کو ناز صحافت اعزاز
ناندیڑ : (منتجب الدین) یشونت راو چوہان ناٹیہ گرہ بیڑ میں منعقدہ ایک پر وقار تقریب میں روزنامہ سحر ناندیڑ کے مدیر توفیق مرزا کو ریاستی سطح کے ناز صحافت اعزاز سے نوازا گیا ۔ تقریب کی صدارت جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے صدر حافظ محمد ندیم صدیقی نے کی جبکہ مہمانان خصوصی کی حیثیت سے بلدیہ بیڑ کے صدر شری بھارت بھوشن شیر ساگر ، سابق ریاستی وزیر بدام راو پنڈت ، ڈاکٹر شعیب ہاشمی ، بلدیہ کی تعمیراتی کمیٹی کے چیئرمین ، شیخ صادق ، سربراہی آب کمیٹی کے چیئرمین عبدالمقیت ، خدائی خدمتگار پٹھان ایوب خان اور دوسروں نے شرکت کی ۔ بلدیہ بیڑ کے صدر بھارت بھوشن شیر ساگر کی اردو زبان کے تئیں خدمات کے اعتراف کے لئے انہیں اردو دوست اعزاز سے نوازا گیا ۔
اس پروقار تقریب میں مختلف شعبہ جات میں نمایاں اور عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کو مومنٹو توصیف نامہ سے نوازا گیا ۔ تقریب میں مختلف شعبہ حیات سے تعلق رکھنے والے سرکردہ اصحاب اسکول کالج کے طلباء طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ تقریب کی کارروائی روزنامہ الہلال ٹائمز کے مدیر قمر الایمان خان نے نہایت ہی اچھے ڈھنگ سے چلائی ۔ تقریب کا انعقاد روزنامہ الہلال ٹائمز ، شمع ادب بیڑ ، ملت گروپ آف اسکولس پیپلز ایجوکیشن سوسائٹی کی جانب سے کیا گیا تھا ۔ ناز صحافت ریاستی سطح کا اعزاز ہے جو مومنٹو اور توصیف نامہ پر مشتمل ہے ۔ اور یہ اعزاز بیڑ کے اردو روزنامہ الہلال ٹائمز کے بانی مدیر ظفر الایمان خان ، ناز یوسف زئی کی یاد میں دیا جاتا ہے ۔