خیر امت ٹرسٹ ڈائیگنوسٹک سینٹر کا افتتاح
ڈائیگنوسٹک اور پیتھا لوجی کو تجارت بنادیا گیا ہے اور کمیشن خوری ہورہی ہے اِس طرح کے ادارہ کا قیام ضروری تھا اِس سے بہت فائدہ ہوگا
ممبئی : ہارون موزہ والا ، عبد الغنی اطلس والا ، علی ایم شمسی جیسے اہل خیر کی کوششوں سے خیر امت ٹرسٹ کا قیام 21؍ سالوں قبل عمل میں آیا تھا ۔ اپنے قیام سے ہی خیر امت ٹرسٹ قوم وملت کی بے لوث خدمات انجام دے رہا ہے ۔ بہی خواہان ملت کی رہنمائی اور تعاون سے سینکڑوں طلباء کو وظائف دیے گئے ۔ بے روزگار نوجوانوں اور خواتین کو روزگار مہیا کرایا گیا ۔ غریب و نادار مریضوں کو مفت طبی امداد بہم پہنچائی گئیں ۔ اِس کے علاوہ بیوہ اور طلاق شدہ خواتین کے لیے حکومت کی جانب سے پینشن کا نظم بھی کرایا گیا ۔
اس درمیان ہارون موزہ والا کی رحلت کے بعد اُن کے مشن کو آگے بڑھاتے ہوئے ٹرسٹیوں نے مذکورہ ٹرسٹ میں علاقے کی ضرورت کے پیش نظر عوام کی سہولت کی خاطر خیر امت ٹرسٹ چیرٹیبل ڈائیگنوسٹک سینٹر قائم کرنے کا فیصلہ کیا ۔ اللہ کے فضل سے یکم جنوری کو یہاں بی آئی ٹی چال ، امام باڑہ کمپاؤنڈ بالمقابل صابو صدیق اسپتال ، عبد الغنی اطلس والا ، علی ایم شمسی ، شیخ عبد اللہ (انجمن اسلام) ، امین پٹیل (ایم ایل اے) ، گلزار اعظمی (جمعیۃ علماء) سعید خان ، راشد جنگ ، اشفاق موسیٰ (خدمت ٹرسٹ) ودیگر اہم شخصیات کی موجودگی میں خیرامت ڈائیگنوسٹک سینٹر کا افتتاح عمل میں آیا ۔
اِس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے امین پٹیل نے کہا کہ میں مبارک باد دیتا ہوں کہ آپ لوگوں نے اتنا اہم قدم اٹھایا ۔ عبد الغنی اطلس والا نے اِسے ہارون موزہ والا کی دعاؤں کا نتیجہ بتایا ۔ دیگر شرکاء نے اپنے خیالات میں اِس بات کا اظہار کیا کہ آج جب کہ ڈائیگنوسٹک اور پیتھا لوجی کو بالکل تجارت بنادیا گیا ہے اور اُس میں کمیشن خوری ہورہی ہے اِس طرح کے چیرٹیبل(امدادی) ادارہ کا قیام بہت ضروری تھا ۔ یقیناًلوگوں کو اِس سے بہت فائدہ ہوگا ۔
واضح رہے کہ خیر امت ڈائیگنوسٹک سینٹر میں فی الحال ایکسرے ، سونو گرافی ، پیتھا لوجی کا نظم ہے ۔ جس میں ضرورت کے اعتبارسے گنجائش بھی دی جائے گی ۔ مستقبل میں ٹرسٹ کے ذمہ داروں کی خواہش ہے کہ زیادہ سے زیادہ سہولیات ٹرسٹ کی جانب سے لوگوں کو فراہم کی جائیں ۔ کاظم ملک نے بتایا کہ خیر امت ٹرسٹ ڈائگنو سٹک سینٹر میں رائج فیس سے بہت کم قیمت لی جاتی ہے نیز دیگر ضرورتمندوں کیلئے اس میں تیس فیصد تک مزید تخفیف کی جائے گی ۔