صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

تصّوف کی وہی شکل ہمارے لئے سب سے زیادہ معتبر ہے جو قرآن و سنّت کے مطابق ہے : شمیم طارق

کوکن مسلم ایجو کیشن سوسائٹی ای لائبریری کے زیرِ اہتمام ’تصوف اور اہلِ تصّوف‘ کے موضوع پر ایک اہم علمی گفتگو

1,322

کوکن مسلم ایجوکیشن سوسائٹی عوامی ای لائبریری کے زیرِ اہتمام تصوف اور اہلِ تصوف کے موضوع پر رئیس ہائی اسکول کے اردو بسیرا آڈیٹوریم میں ایک علمی تقریب کا انعقاد عمل میں آیا ۔ ’انسانی کتاب‘ کے زیرِ عنوان اس منفرد پروگرام کی صدارت کا فریضہ اسلم فقیہ (صدر کے ایم ای سوسائٹی) نے انجام دیا ۔ میزبان محمد رفیع انصاری نے تصوف اور اہلِ تصوف کے موضوع پر مشتمل سوالات کئے ، جن کا اردو کے معروف ادیب و ناقد شمیم طارق نے اپنے غائر مطالعے ، مشاہدے اور تجربات کی بنیاد پر مستند حوالوں سے جواب دیئے ۔ مختلف سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے آپ نے فرمایا کہ ’تصّوف دین کا متبادل نہیں بلکہ اس کا معاون ہے ۔ نماز میں خشوع و خضوع اللہ کو مطلوب ہے اسے حاصل کرنے کے لئے صوفیائے کرام نے نفس سے مجاہدہ کرنے کی جو تعلیم دی وہ دراصل تصّوف ہے ۔

تصّوف کی وہی شکل ہمارے لئے سب سے زیادہ معتبر ہے جو اتبائے قرآن و سنّت کے مطابق ہے ۔ شمیم طارق کی باتوں کو سامعین نے بڑی دلچسپی اور انہماک سے سنا ۔ اپنے صدارتی خطبہ میں صدر اسلم فقیہ نے پروگرام کی اہمیت و افادیت کے پیش ِ نظر سامعین کی دلچسپی اور اخیر تک محفلِ مذاکرہ میں ان کے حاضر و ناظر رہنے کی ستائش کی۔ آپ نے ’تعارفِ اقبال ‘ کی مقبولیت کے پیشِ نظر اساتذہ اور طلبہ کے عزائم کو سراہا اور انھیں اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلایا ۔ ناظم جلسہ رئیس ہائی اسکول کے معاون صدر مدرس مخلص مدعونے غرض و غایت میں جناب شمیم طارق کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے تبحرِ علمی کو ’انسانی کتاب‘ سے تعبیر کیا ۔ مقیم انصاری کے ذریعے کلام پاک کی تلاوت سے اس علمی تقریب کی ابتداء ہوئی ۔

اس اہم پروگرام میں سوسائٹی کی جانب سے جاری کردہ ’تعارفِ اقبال‘ سرٹیفکٹ کورس کے تیسرے بیج کے فارغین کو اسناد پیش کی گئیں ۔ علمی گفتگو ، سے قبل شمیم طارق کی علمی ، تحقیقی اور ادبی خدمات اور فنِ خطابت میں ان کی ظفرمندیوں پر مشتمل ڈاکو مینٹری فلم بھی پیش کی گئی ، جسے سامعین نے بیحد پسند کیا ۔  پروگرام میں کثیر تعداد میں معززین شہر ، خواتین و حضرات کے علاوہ اردو مرکز بمبئی کے روح رواں زبیر اعظمی ، فواد پاٹکا اور کیپٹن داؤد خان بطورِ خاص شریک ہوئے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.