صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

پروفیسر عفیف اللہ خان اے ایم یو کے نئے پراکٹر مقرر

1,191

علی گڑھ : علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے وائلڈ لائف سائنسز شعبہ کے چیئرمین پروفیسر عفیف اللہ خان کو یونیورسٹی کا نیا پراکٹر مقرر کیا گیا ہے ۔ اس سلسلہ میں یونیورسٹی رجسٹرار مسٹر عبدالحمید (آئی پی ایس) کی جانب سے حکم نامہ جاری کیا گیا ۔

بطور پراکٹر پروفیسر عفیف اللہ خان ، یونیورسٹی میں امن و قانون کی صورت حال کو برقرار رکھنے اور یونیورسٹی و ضلع انتظامیہ کے درمیان رابطہ قائم رکھنے کی ذمہ داری سرانجام دیں گے ۔ پروفیسر عفیف اللہ ایک نامور اکیڈمیشیئن ہیں اور انتظامی امور کا طویل تجربہ رکھتے ہیں ۔ وہ ڈپٹی پراکٹر اور طلبہ بہبود کے اسسٹنٹ ڈین کے طور پر کام کرچکے ہیں ۔ اپنی تدریسی ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ وہ آئندہ دو برس کے لئے یا اگلے احکامات تک کے لئے بطور پراکٹر کام کریں گے ۔

پروفیسر عفیف اللہ نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں اپنی خدمات کا آغاز 1989 میں وائلڈ لائف سائنسز شعبہ میں بطور لیکچرر کیا تھا ۔ تبھی سے وہ یونیورسٹی کی تعلیمی اور کارپوریٹ زندگی میں قابل ذکر خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ انھوں نے خاص طور سے ہاتھیوں اور شیروں پر متعدد اہم تحقیق کی ہے اور آکسفورڈ یونیورسٹی پریس جیسے مؤقر ادارے سے شائع ہونے والی کتاب میں خصوصی ابواب تحریر کئے ہیں ۔

اے ایم یو میں وائلڈ لائف شعبہ کی ترقی اور تعلیمی و تدریسی پیش رفت میں پروفیسر عفیف اللہ خان نے اہم رول ادا کیا ہے ۔ بطور صدر شعبہ وہ یوجی سی سے گرانقدر گرانٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے اور انھوں نے ایم ایس سی کورس کی بھی شروعات کی ۔ ریموٹ سینسنگ اور جی آئی ایس کے استعمال پر انھوں نے شعبہ میں ایک سرٹیفیکٹ کورس تیار کیا اور اسے متعارف کرایا ۔ پرنسپل انویسٹی گیٹر اور معاون پرنسپل انویسٹی گیٹر کی حیثیت سے انھوں نے 12؍ریسرچ پروجیکٹ نافذ کئے اور فی الوقت وہ دو سائنسی جرائد کے پینل میں بطور مبصّر شامل ہیں ۔

پروفیسر عفیف اللہ خان وزارت ماحولیات و جنگلات ، حکومت ہند اور ڈبلیو ڈبلیو ایف انڈیا کی متعدد اہم کمیٹیوں میں بطور ممبر شامل رہ چکے ہیں ۔ وہ حکومت اترپردیش کے فاریسٹری پروجیکٹ کے جائزہ کے لئے ’ٹیری‘ کے کنسلٹنٹ اور اور اے ایم یو میں سنٹر فار پروموشن آف سائنس کے اعزازی ایڈیشنل ڈائرکٹر کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.