صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے ویمنس کالج میں ’بین الاقوامی یومِ یوگا‘ کے موقع پر پانچ روزہ ورکشاپ کا افتتاح

 فزیکل ایجوکیشن شعبہ میں چل رہے یوگ ورکشاپ کے چوتھے دن مہمانِ خصوصی پروفیسر محبوب حسن کا خطاب

1,490

علی گڑھ :علی گڑھ مسلم یونیورسٹی(اے ایم یو) کے ویمنس کالج میں پانچویں ’بین الاقوامی یومِ یوگا‘ کے موقع پرپانچ روزہ یوگا ورکشاپ کا آغاز ہوگیا ۔ یوگا ورکشاپ کا افتتاح ویمنس کالج میں معروف ماہرِ امراضِ اطفال ڈاکٹر حمیدہ طارق نے پرنسپل کالج پروفیسر نعیمہ خاتون گلریز کے ہمراہ کیا ۔ یوگا ورکشاپ میں 30؍سے زائد افراد نے حصہ لے کرماہرین و اساتذہ کی رہنمائی میں یوگا کے مختلف آسنوں کا مظاہرہ کیا ۔ ورکشاپ کے آغاز پر مہمان خصوصی ڈاکٹر حمیدہ طارق کو ورکشاپ کی کوآرڈنیٹراور فزیکل ایجوکیشن انچارج ڈاکٹر رضیہ رضوی نے اور یوگا ایکسپرٹ پروفیسر راجندر سنگھ کو ڈپٹی کورآڈینیٹر اور اسسٹنٹ ڈائریکٹرفزیکل ایجوکیشن نازیہ خان نے پھولوں کے گلدستے پیش کرکے استقبال کیا ۔

مہمان خصوصی ڈاکٹر حمیدہ طارق نے کہا کہ یوگا ہندوستان کی سیکڑوں سال کی روایت کا حصہ ہے اچھی صحت ، تندرستی ، ذہنی سکون اور اعتماد حاصل کرنے کے لئے یوگا ایک بہترطریقہ ہے ۔ انھوں نے کہا کہ وہ خود بھی یوگا کرتی رہی ہیں ۔ انھوں نے کہا یوگا کئی بیماریوں سے نجات دلانے میں معاون ہے اور یہ جسمانی ، روحانی اور ذہنی سطحوں کو متاثر کرتا ہے ۔

اس سے قبل ابتدائی خطبے میں پرنسپل پروفیسر نعیمہ خاتون گلریز نے کہا کہ یوگاجسمانی ا ور دماغی صحت کو نہ صرف بنائے رکھنے میں معاون ہے بلکہ ذہنی تناو کو کم بھی کرتا  ہے ورکشاپ کے ذریعہ یوگا کے  فوائد سے واقفیت ہوگی اور اچھی صحت کے لئے یوگا کی طرف رجحان میں اضافہ ہوگا ۔ انھوں نے کہا کہ یوگا کی اہمیت کو عالمی سطح پر سمجھا گیا ہے اور وزیر اعظم نے اس کے فروغ میں خصوصی دلچسپی لی ہے ۔

ورکشاپ کے ریسورس پرسن سابق چیرمین فزیکل ایجوکیشن پروفیسرراجندر سنگھ نے یوگا کے مبادیات پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سست جسم میں بیماریاں جلدی پیدا ہوتی ہیں ، اہنسا سماجی صحت کے لئے اور یقین روحانی صحت کے لئے اہم ہوتا ہے ۔ انھوں نے اچھی صحت کا راز بتاتے ہوئے کہا کہ پیر گرم ، پیٹ نرم اور سر ٹھنڈا ہونا اچھی صحت کی نشانی ہے ۔ کھانا کھانے ، پانی پینے اور سونے ، اٹھنے بیٹھنے کے ٹھیک ٹھیک طریقے سیکھ کر بہت سی بیماریوں سے بچا جا سکتا ہے ۔ محض20-18 آسن ٹھیک طرز سے کرنے پر صحت مند رہا جا سکتا ہے ۔

ورکشاپ کی کوآرڈنیٹر ڈاکٹر رضیہ رضوی نے یوگا کے مختلف آسنوں کی اہمیت بیان کی اور ڈپٹی کورآڈینیٹر نازیہ خان کے ہمراہ مختلف آسن کو کرنے کے صحیح طریقے شرکاء کو سکھائے ۔

یہ سیشن پروفیسر راجندر سنگھ کی نگرانی میں مکمل ہوا ۔ جبکہ مختلف آسنوں کا مظاہرہ [Demonstration]ریسرچ اسکالر سامیہ حسین اور شوبی مرزا نے بحسن و خوبی کیا ۔ خاص بات یہ رہی کہ ڈاکٹر حمیدہ طارق اور پرنسپل پروفیسر نعیمہ خاتون نے بھی شرکاء کے ساتھ یوگا سیشن میں شرکت کی ۔ نظامت اور شکریہ کی رسم ادائیگی مدیحہ نعمان نے کی ۔ اس موقع پر ڈاکٹر کرن چوہان ، ڈاکٹر دل آرا رضوی ، ڈاکٹر سنبل رحمن ، ڈاکٹر عرشی شعیب ، ڈاکٹر عائشہ حسن ، کلثوم زیدی وغیرہ نے خصوصی طور پر شرکت کی ۔

اس کے علاوہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے فزیکل ایجوکیشن شعبہ میں پانچویں عالمی یومِ یوگا کے تحت چل رہے یوگ ورکشاپ کے چوتھے دن مہمانِ خصوصی یونیورسٹی گیسٹ ہاؤس کے ممبر انچارج پروفیسر محبوب حسن نے اپنے خطاب میں کہا کہ یوگا ہندوستان کی قدیم وراثت ہے جسے آج ساری دنیا تسلیم کر کے اسے اپنارہی ہے ۔ پروگرام کے اسپیشل گیسٹ ڈاکٹر جمیل احمد نے بتایا کہ یوگا طبی سائنس کے میدان میں دنیا بھر میں بڑھ رہے دباؤ کوکم کرنے کا سب سے بہتر وسیلہ ہے ۔

ورکشاپ کے چوتھے دن تمام شرکاء میں بے حد جوش و خروش پایا گیا جس میں تقریباً 250 افراد نے حصہ لیا ۔ عملی اجلاس کی نظامت ڈاکٹر نوشاد وحید انصاری نے کی جبکہ فضیل احمد نے شعبہ کی جانب سے حاضرین کا شکریہ ادا کیا ۔

اس موقع فزیکل ایجوکیشن شعبہ کے سربراہ پروفیسر ضمیر اللہ خاں کے علاوہ پروفیسر اکرام حسین ، ڈاکٹر معراج الدین فریدی ، ڈاکٹر خرم نثار ، ڈاکٹر محمد ارشد باری ، مسٹر فضیل احمد ، مسٹر توفیق احمد سمیت بڑی تعداد میں اساتذہ ، ریسرچ اسکالرس اور طلبہ و طالبات موجود تھیں ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.