صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

ونچت اور مجلس کے درمیان اتحاد ٹوٹنے سے مایوس ہونے کی ضرورت نہیں : شاکر پٹنی 

مسلمانوں اور پسماندہ طبقات کی محرومی اور ان کی بے بسی دور کرکے سیاسی طور پر خود انحصار بنانا ہی ہمارا مقصد ہے

32,783
کل ہند مجلس اتحاد المسلمین ممبئی کے صدر شاکر پٹنی

ممبئی : میڈیا میں آنے والی خبروں جس کے مطابق مجلس اتحاد المسلمین کا ونچت کے ساتھ آئندہ اسمبلی انتخاب کیلئے اتحاد نہیں ہو پایا ہے سے مجلس کے ارکان و کارکان اور مسلمانوں کو مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ہے ۔ہم تنہا بھی بہتر مظاہرہ کریں گے اور مہاراشٹر اسمبلی میں گذشتہ انتخاب کے مقابلے اچھی کارکردگی درج کرائیں گے ۔یہ باتیں مجلس اتحاد المسلمین ممبئی کے صدر عبد الرحمن شاکر پٹنی نے پریس کیلئے جاری ایک بیان میں کہی ۔ انہوں نے آگے کہا کہ کسی ایک پارٹی یا محاذ کا حصہ نہیں بن پانے سے مایوس ہونے کی بجائے ہمیں اپنی سیاسی قوت کو مضبوط کرنے کی جانب توجہ مرکوز رکھنا چاہئے ۔ سیاست میں کبھی حالات ایک جیسے نہیں ہوتے ۔ اس لئے اس طرح کے حالات کا سامنا ہو سکتا ہے لیکن ہمیں تو اپنے ہدف پر نظر رکھنے کی ضرورت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہم ہندوستان میں مسلمانوں اور پسماندہ طبقات کی ستر سالہ محرومی کو حقوق کی بازیابی میں تبدیل کرنے کیلئے آئے ہیں ۔ اس کیلئے کسی ایک واقعہ یا مرحلہ میں ہمارے قدم نہیں ڈگمگاسکتے ۔ منزل پر پہنچنے کیلئے راہیں اتنی آسان نہیں ہوتیں جتنا ہم تصور کئے بیٹھے ہوتے ہیں لیکن ہماری جہد مسلسل سے رکاوٹیں دور ہوتی ہیں اور ہم اس منزل کی جانب بڑھتے رہتے ہیں جو ہمارا ہدف ہوتا ہے ۔

واضح ہو کہ سیٹوں کی تقسیم پر ونچت بہوجن اگھاڑی کے ساتھ مجلس اتحاد المسلمین کے درمیان اختلاف کے سبب اتحاد نہیں ہو پایا ۔ شاکر پٹنی نے کہا کہ پورے مہاراشٹر سے ونچت کے ذریعہ ہمیں صرف آٹھ سیٹیں دیا جانا مضحکہ خیز ہے ۔شاکر پٹنی نےاتحاد ٹوٹنے کو نام نہاد سیکولر پارٹیوں کی سازش قرار دیا جن کی اول روز سے کوشش تھی کہ کسی بھی قیمت پر بہوجن ونچت اگھاڑی کے اتحاد سے کوئی سیاسی محاذ نہ بن پائے جس سے محروم طبقات کو سیاسی طورپر قوت ملتی ہو ، وہ کامیاب ہوتے ہوئے نظر آرہے ہیں ۔

 

۲۰۱۴ کے اسمبلی انتخاب میں جبکہ مجلس نے ریاستی سطح پر پہلی بار حصہ لیا تھانو حلقوں سے اپنے امیدوار اتارے تھے جس میں سے دو پرکامیاب ہوئے اور تین امیدوار دوسرے نمبر پر رہے ۔ اس کے باوجود شاکر پٹنی نے امید جتائی ہے کہ کل ہند مجلس اتحاد المسلمین جس مقصد کیلئے کل ہند پیمانے پر میدان سیاست میں آئی ہے وہ پورا ہوگا ۔ انہوں نے اس مقصد کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ’سیاسی منظر نامے پر مسلمانوں اور پسماندہ طبقات کی محرومی اور ان کی بے بسی دور کرکے سیاسی طور پر خود انحصار بنانا ہی ہمارا مقصد ہے‘۔شاکر پٹنی نے کہا کہ مسلمانوں اور پسماندہ طبقات کی سیاسی محرومی و بے بسی کو دور کرنے کا سفر کسی رکاوٹ کی پرواہ کئے بغیر جاری رہے گا ۔

شاکر پٹنی نے کہا کہ الائنس ٹوٹ جانے سے پسماندہ طبقات کیلئے جاری حقوق کی جد و جہد میں کوئی رخنہ نہیں پڑے گا ، یہ جاری رہے گا ۔ ان کے مسائل ہمارے مسائل ہیں ہم مل کر حقوق کی اس جنگ کو جیتیں گے۔امید ہے کہ عنقریب الیکشن کمیشن انتخاب کی تاریخ کا اعلان کردے گا اور اس کے ساتھ کوڈ آف کنڈکٹ کا نفاذ ہو جائے گا ۔

مجلس اتحاالمسلمین ممبئی کے دفتر میں امیدواروں کیلئے انٹر ویو کا سلسلہ بھی شروع ہے ۔ انٹر ویو کا مقصد بہتر امیدوار کا انتخاب ہے جو عوام کی توقعات کو پورا کرسکیں ۔شاکر پٹنی نے یہ بھی کہا کہ ہمارے صدر بیرسٹر اسدالدین اویسی نے پرکاش امبیڈکر کو بڑا بھائی کہہ کر جو عزت دی ہے ہم اس پر قائم ہیں اور آج بھی ہمارے دلوں میں پرکاش امبیڈکر کیلئے ایک سینئر سیاسی لیڈر ہونے کے ناطے احترام ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ مجلس کے ارکان و کارکارکنان بھی پرکاش امبیڈکر کا احترام کریں گے اور کوئی ایسی بات نہیں کہیں گے جس سے بدگمانی پھیلے ۔انہوں نے کہا کہ مجلس کے ارکان اپنے بلند اخلاق کا مظاہرہ کریں گے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.