صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

ممبرا میں ٹورینٹ پاور کمپنی کے خلاف عوامی احتجاج، ۲۵؍ جون کو ممبرا بند

بھیونڈی راشٹروادی کانگریس کے صدر خالد گڈوکی جانب سے عوامی احتجاج کی حمایت کافیصلہ

1,652

بھیونڈی : (عارِف اگاسکر)بھیونڈی کے پاورلوم مالکان اور پارچہ بافی صنعت کو کساد بازاری کی کگار تک پہنچانے نیزاس شہر کی چھوٹی بڑی صنعتوں کو متاثر کر نےوالی ٹورینٹ پاور کمپنی ا ب بھیونڈی سے قریب واقع ممبرا میں بھی جلد ہی بجلی کی فراہمی کے منصوبہ کو عملی جامہ پہنانے کی کو شش کر رہی ہے۔ جس کے خلاف ممبرا کے شہریوں نے مقامی سیاست دانوں کی قیادت میں اپنا احتجاج درج کرا نے کے لیے ۲۵؍ جون کو ممبرا بند کر نے کا اعلان کیا ہے ۔ بھیونڈی میں ٹورینٹ پاور کمپنی کے خلاف عوامی تحریک کے قائد اور راشٹر وادی کانگریس پارٹی کے صدر خالد گڈو نےمتذکرہ عوامی احتجاج کی حمایت کر تے ہوئےاعلان کیا ہے کہ وہ اور ان کی پارٹی کے اراکین ممبرا کے شہریوں کے ساتھ ہیں اور انہیں ہر ممکن تعاون دیں گے تاکہ متذکرہ کمپنی ممبرامیں اپنے قدم جمانے نہ پائے ۔ اگر متذکرہ کمپنی نے ممبرا میں اپنے قدم جمالیے تو پھرممبرا کی عوام کا استحصال شروع ہو جا ئے گا ۔ اس لیے ضروری ہے کہ متذکرہ کمپنی کے ممبرا میں اپنے قدم جمانے سے قبل اس طرح اس کی جم کر مخالفت کی جائے کہ حکومت کواپنے فیصلہ پر نظر ثانی کرنا پڑے ۔

اس سلسلے میں خالد گدو نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہو ئے کہا کہ بھیونڈی اور اس کے مضافات کے بعد اب تھانہ ضلع میں اقلیتوں کی اکثیریت والے ممبرا میں بھی بجلی کی تقسیم کا کام ٹورینٹ پاورکمپنی کے حوالے کر نے کے حکومت کے بے جا فیصلے پر وہاں کے قائدین اور عوام نے زبردست احتجاج کیا ہے۔ بھیونڈی سے قریب ہونے کی وجہ سے اس شہر کے حالات کا ممبرا والوں کو علم ہے کہ کس طر ح متذکرہ کمپنی تیز ریڈنگ والےمیٹر لگوا کر اس شہر کے بجلی صارفین سے دگنا بجلی کا بل وصول کر کے انہیں لوٹ رہی ہے ۔ یہاں کے شہریوں کو بجلی چوری کے جھوٹے مقدمات کے معاملے میں پھنسا کرمن مانی رقم وصول کر کے ان کا استحصال کر رہی ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو لوٹنے کھسوٹنے میں ٹورینٹ پاور کمپنی نہ صرف بد نام ہے بلکہ اپنے آمرانہ رویہ سےمذکورہ کمپنی کے خلاف بھیونڈی کی عوام میں شدید اضطراب بھی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ  مذکورہ کمپنی کےخلاف ممبرا کے رکن اسمبلی جیتندر آوہاڑ، آنند پرانجپے ، شمیم خان ، اشرف پٹھان سمیت کئی لیڈران کی قیادت میں ممبرا کے شہریوں نے گزشتہ منگل کو متذکرہ کمپنی کی مخالفت میں تھانے ضلع کلکٹر کو میمورنڈم سپرد کر تے ہوئے اعلان کیا کہ مورخہ ۲۵؍جون سے کلوا ممبرا میں مکمل طور بند پکارا جائے گا ۔ چونکہ بھیونڈی اور ممبرا کی عوام ٹورینٹ پاور کمپنی کے خلاف مزاحمت میں ایک ہی کشتی کے سوار ہیں اس لیے انہوں نے ٹورینٹ پاور کمپنی کے خلاف کیے جارہے احتجاج میں ممبرا کی عوام کی حمایت کر نے کا اعلان کیا ہے ۔

واضح ہو کہ بھیونڈی راشٹر وادی کانگریس کے صدرخالد گڈو کئی برسوں سے ٹورینٹ پاور کمپنی کے خلا ف عوامی مظاہرہ کی قیادت کر رہے ہیں ۔ انہو ں نے سیاسی ، سماجی اور عدالتی میدان میں ہمیشہ بجلی صارفین کو زک پہنچانے والی متذکرہ کمپنی کے خلاف بھیونڈی کی عوام کی کامیاب نمائندگی کی ہے ۔ چونکہ انہیں اس میدان کے تمام اتار چڑھاو کا علم ہے اس لیے ممبرا کی عوام کو ٹورینٹ پاور کمپنی کے خلاف نکالے جارہے مورچے میں ان کے تجربہ سے کافی مدد ملنے کی امید ہے۔ ویجلینس کیس، تیزرفتار میٹر، ایم ایس ای بی کا بقایا جات وغیرہ کئی مدعوںپر خالد گڈو نے ٹورینٹ پاور کمپنی کے خلاف احتجاج کیا ہے۔

انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کر تے ہوئے مزید کہا کہ ٹورینٹ پاور کمپنی نے بھیونڈی کی عوام کی معیشت کو مکمل طور پر ختم کردیا ہے جس کی وجہ سے اس شہر میں زبردست معاشی بحران چھایا ہوا ہے ۔ آئے دن بجلی صارفین کےخلاف جھوٹے معاملارت درج کر کے متذکرہ پاور کمپنی نے اس شہر کو یرغمال کر لیا ہےاورپولیس کے کاندھے پر بندوق رکھ کر سارے شہر میں ظلم و زیادتی کا بازار گرم کر رکھا  ہے۔ ہم نہیں چاہتے کہ ممبرا کی عوام بھی ٹورینٹ پاور کمپنی کے بچھائے ہوئے جال میں پھنس جائےاس لیے ہر محاذ پر اس کی مخالفت ہونا ضروری ہے ۔ ممبرا کی عوام کے پاس ابھی موقع ہے کہ ابتدائی مراحل میں ہی زبردست احتجاج کریں اور اپنی پرزور مخالفت سے اس کمپنی  کو ممبرا میں اپنے قدم جمانے نہ دیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر ایک مرتبہ اس کمپنی کے قدم شہر میں جم گئے تو پھرکوشش کے بعد بھی اس کا شہر سے نکلنا محال ہوجائے گا ۔

خالد گڈو نے اس اہم مدعے پر توجہ دلائی کہ ریاست مہاراشٹر میں ناندیڑ اور لاتور جیسے شہر موجود ہیں جہاں سب سے زیادہ بجلی چوری کے واقعات ہوتے ہیں ۔ اس کے باوجود حکومت صرف ممبرا،مالیگاؤں اور بھیونڈی جیسے اقلیتی علاقوں کو ہی کیوں اپنا ہدف بنا رہی ہے یہ بات سمجھ میں نہیں آتی؟انہوں نے مزید کہا کہ پچھلے کئی سالوں سے ٹورینٹ پاور کمپنی کے خلاف محاذآرائی کا جو تجربہ اور اعداد و شمار ان کے پاس ہیں اس سے وہ ممبرا کی عوام کی مدد کرنا چاہتے ہیں ۔تاکہ وہ مستقبل میں اس کمپنی کے دھوکے سےبچ جائیں ۔ بھیونڈی راشٹروادی پارٹی کے تمام اراکین ٹورینٹ پاور کمپنی کے خلاف جاری احتجاج میں جڑے ہوئے ہیں اور ممبرا کی عوام کی حمایت میں قدم بہ قدم ساتھ دینے کو تیار ہیں ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.