صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

ممبئی کی لائف لائن کے پھر پٹری پر دوڑنے کے امکان ، عنقریب فیصلہ

285,669

ممبئی: کورونا کی زنجیر کو توڑنے کے لئے ریاستی حکومت نے ملک کی معاشی راجدھانی ممبئی کی لائف لائن سمجھی جا نے والی لوکل ریلوے لائن کو بند کرنے کا بھی فیصلہ کیا تھا۔ مگر اب طبی ماہرین کے مطابق کورونا کے ساتھ زندگی گذارنے کے مشورے کے بعد لوکل ریلوے لائن کو لازمی خدمات میں مصروف افراد کے لئے شروع کرنے کے مقصد سے آج یا کل کوئی فیصلہ لئے جانے کا امکان ہے۔ لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد ممبئی کی مقامی سروس دوبارہ شروع کرنے کے لئے بات چیت شروع ہوگئی ہے۔

مہاراشٹر حکومت نے بھی مرکزی حکومت سے یہی مطالبہ کیا ہے۔ حکومت مہاراشٹر نے مرکزی سرکار سے ضروری خدمات فراہم کرنے والے ملازمین کی سہولت کے لئے جاری کرنے کی اپیل کی ہے ۔ اس تعلق سے ریاستی وزیر صحت راجیش ٹوپے نے مرکزی وزیر صحت ہرش وردھن کو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے اپنی رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ہنگامی خدمات میں کام کرنے والوں کے لئے لوکل ریلوے لائن کس طرح کارآمد ہیں ۔

وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے نے بھی  لوکل ریلوے لائن  شروع کرنے سے متعلق مرکز  سے جاری کرنے کی گذارش کی ہے ۔ ریلوے انتظامیہ ، ریاستی حکومت اور مرکزی حکومت کے مابین بات چیت جاری ہے کہ اگر اسے شروع کیا جائے تو  اس کے لئے کس طرح احتیاطی تدابیر  اختیار کرنی چاہئے۔ ممبئی لوکل کا دوبارہ آغاز ضروری خدمات میں کام کرنے والے لوگوں کے لئے ایک بہت بڑی راحت ہوگی۔

سینٹرل اور ویسٹرن  ریلوے مقامی ٹرینوںکو مزدور ٹرینوں کے طرز پر استعمال کرنے پر غور کر رہے ہیں۔ لوکل ریلوے ضروری خدمات اور سرکاری ملازمین کے لئے شروع کی جاسکتی ہے۔ ان میں سفر خصوصی پاس کے ساتھ کیا جاسکتا ہے۔

ضروری خدمات اور سرکاری ملازمین کے ناموں کی ایک فہرست محکمہ ریلوے کو دی جائے گی ساتھ ہی ان ملازمین کو خصوصی پاس دیا جائے گا۔ یہ پاس دکھا کر ان اہلکاروں یا کورونا سے لڑنے میں اپنی خدمات پیش کرنے والوں کو مقامی طور پر سفر کرنے کی اجازت ہوگی۔ مضافاتی علاقوں سے آنے والے ملازمین کو سفر کے دوران بہت سی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس کے علاوہ بس کے سفر میں کافی وقت لگتا ہے۔ اس لئے ایسے لوگوں کی تعداد کے مطابق لوکل ریلوے شروع کی جائے گی ۔

دوسری جانب سینٹرل ریلوے نے واضح کیا ہے کہ اسے لوکل ٹرین دوبارہ شروع کرنے سے متعلق کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔ سینٹرل ریلوے کے تعلقات عامہ کے افسر شیواجی ستار نے ٹویٹر کے ذریعہ یہ اطلاع دی ہے۔مضافاتی ریلوے خدمات شروع کرنے کے بارے میں بہت سی افواہیں ہیں۔ لیکن ہمیں ٹرینیں دوبارہ شروع کرنے سے متعلق کوئی آرڈر موصول نہیں ہوا ہے۔ شیواجی ستار نے اپنے ٹویٹ میں یہ بھی کہا کہ ‘ہمیں اطلاع ملتے ہی معلومات فراہم کی جائیں گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.