ایم پی جے نے ریاستگیر سطح پر سچر ڈے منایا
حکومت سے مسلم اقلیتی طبقہ کی فلاح کے لئے ٹھوس قدم اٹھانے کی مانگ کی
ممبئی : موومنٹ فار پیس اینڈ جسٹس ایک ملک گیر عوامی تحریک ہے جو لوگوں کو انصاف دلانے اور معاشرے میں امن قائم کرنے کے لئے کوشاں ہے – سچر کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں مسلم برادری کو پسماندگی کے دلدل سے نکالنے کے لئے فوری اقدامات کرنے کی ضرورت بتائی تھی- لیکن آج بھی انکی سماجی و معاشی حالات ابتر ہیں – انکی غریبی ختم ہونے کا نام نہیں لیتی ہے- ایم پی جے نےسچر کمیٹی کی سفارشات کے نفاذ کے لئے ریاستگیر پیمانے پر سچر ڈے منایا ، جس کا مقصد مسلمانوں کے تعلق سے فلاحی منصوبہ بندی کے مکمل نفاذ کے لیے حکومت پر دباؤ بنانا ہے –
مسلم اقلیتی طبقہ کے لوگوں کے ساتھ ہو رہے غیر منصفانہ سلوک کو روکنے اورمسلم معاشرہ کی پسماندگی دور کرنے کےلئے موثر اقدامات نہیں کئے جانے پر آج ریاستگیر پیمانے پر سماجی کارکنان نے احتجاج کرتے ہوئے، مہاراشٹر حکومت سے مسلم کمیونٹی کی ترقی کے لئے فوری طور پر اقدامات کئے جانے کی فریاد کی – آپ کو بتا دیں کہ موومنٹ فار پیس اینڈ جسٹس فار ویلفیئر (MPJ)سماج کی بہتری کے لئے کام کرنے والی ایک ملک گیر تحریک ہے اور یہ تحریک مختلف عوامی مسائل پر اپنی آواز بلند کرتی رہی ہے-
ایم پی جے نے مسلمانوں کی پسماندگی دور کرنے کے لئے حکومت کی توجہ مبذول کرنے کی غرض سے 17 نومبر کو مہارشٹر میں ریاست گیر پیمانے پر سچر ڈے منایا – عیاں رہے کہ بھارت سرکار نے سال 2005 میں مسلم کمیونٹی کی سماجی ، اقتصادی اور تعلیمی صورت حال کا جائزہ لینے کے لئےجسٹس راجندر سچر کی زیر صدارت ایک کمیٹی کی تشکیل دی تھی اور اس کمیٹی نے 17 نومبر 2006 کو حکومت کو اپنی رپورٹ پیش کی تھی – اس کمیٹی کی رپورٹ میں مسلم کمیونٹی کی سماجی و اقتصادی حالت زار پر چونکانے والے حقائق سامنے آئے تھے – سچر کمیٹی نےمسلم برادری کی سماجی اور اقتصادی حالت کو بہتر بنانے کے لئے فوری طور پر خصوصی اقدامات کرنے کی پر زور وکالت کی تھی- لیکن آج سچر کمیٹی کی رپورٹ کے 11 سالوں بعد بھی مسلم برادری کی سماجی و معاشی حالت ابتر ہے اور یہ قوم غریبی و پسماندگی کے دلدل سے نکالے جانے کے لئے ان فوری خصوصی اقدامات کا انتظار کر رہی ہے ، جسکی سفارش سچر کمیٹی کی رپورٹ میں کی گئی تھی ۔
ایم پی جے ریاست مہاراشٹر میں سچر کمیٹی کی سفارشات کے مکمّل طور پر نفاذ کے لئے روز اول سے ہی کوشاں رہی ہے-ایم پی جے نے 17 نومبر کو مہاراشٹر کے ہر ضلع میں سچر کمیٹی کی سفارشات کے نفاذ ، وزیر اعظم کے 15 نکاتی پروگرام اور کثیر علاقائی ترقیاتی پروگرام کی بروقت اور مناسب عمل درآمد کو یقینی بنانے ، مختلف اقلیتی بہبود کے منصوبوں کے نفاذ کےلئے ذمّہ داری طے کرنے اور عوامی نگرانی کا طریقہ کار لانے کے لئے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کے توسط سے حکومت مہاراشٹر کو میمورنڈم پیش کیا – اس موقع پرایم پی جے نے اب تک اقلیتوں کے فلاح و بہبود کے لئے منصفانہ کارروائی نہیں کئے جانے کے لئے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ آفس کے سامنے احتجاجی مظاہرہ بھی کیا –