بلدیہ اسٹینڈنگ کمیٹی چیئر مین عہدہ کیلئے رسہ کشی جاری
ناندیڑ:(منتجب الدین) ناندیڑ۔واگھالہ شہر میونسپل کارپوریشن کی اسٹینڈنگ کمیٹی کے موجودہ چیئر مین شمیم عبداللہ کی معیاد مکمل ہوچکی ہے ۔ نئے چیئر مین کے چنائو کا پروگرام بھی ظاہر کردیا گیا ہے۔ ۱۵؍دسمبر بروز ہفتہ کو فارم جاری کیئے جائیں گے اور ۱۷؍دسمبر بروز پیر کو دوپہر ۲ بجے تک چیئر مین عہدہ کے لئے نگر سچیو دفتر میں فارم قبول کیئے جائیں گے۔ پچھلے سال عام چنائو کے بعد اسٹینڈنگ کمیٹی چیئر مین عہدہ پر شمیم عبداللہ کا انتخاب عمل میں آیا تھا۔ اس بار چیئر مین عہدہ کے لئے وہ دوبارہ خواہشمند بتائے جارہے ہیں۔ پارٹی ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق انہیں دوبارہ موقع ملنے کے امکانات انتہائی کم ہیں۔ چیئر مین عہدہ کی دوڑ میں سینئر کارپوریٹر مسعود احمد خان اور پیر برہان نگر کے کارپوریٹر فاروق علی خان کا نام زیرِ غور ہے۔ اُسی طرح شیواجی نگر حلقہ کی کارپوریٹر موہنی وجئے یونکر بھی چیئر مین عہدہ کے لئے اپنا دعویٰ پارٹی قائدین کے پاس پیش کرچکی ہے۔
کانگریس پارٹی میں یہ بات زیرِ گشت ہے کہ سوشیل انجینئرنگ کے تحت اسٹینڈنگ کمیٹی عہدہ پر دوبارہ مسلم اُمیدوار کو کانگریس پارٹی موقع فراہم کرسکتی ہے۔ اگر ایسا نہیں ہوتا ہے تو آئندہ ماہ کسی مسلم کارپوریٹر کو ڈپٹی میئر بنایا جاسکتا ہے۔ فی الحال اسٹینڈنگ کمیٹی چیئر مین عہدہ کے لئے مسعود احمد خان اور فاروق علی خان ان دونوں کا نام ہی زیرِ غور ہے۔ چیئر مین چنائو کے لئے نام کو قطعیت کانگریس کے ریاستی صدر اشوک چوہان کی جانب سے دی جائے گی۔ کانگریس پارٹی نے فی الحال چیئر مین عہدہ کے لئے کوئی فیصلہ نہیں لیا ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ ۱۷؍دسمبر کو ہی دوپہر میں نام طئے کیا جائے گا اور پارٹی کے نامزد اُمیدوار کا فارم داخل کیا جائے گا۔ چونکہ اسٹینڈنگ کمیٹی میں کانگریس کو واضح اکثریت ہے اس لئے اس بار بھی چیئر مین عہدہ پر کانگریس کے ہی اُمیدوار کا بلا مقابلہ انتخاب ہونا یقینی ہے۔