صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

جے این ایم سی کے اساتذہ کو بوسٹن ، امریکہ میں آئی پی اے ایوارڈ سے نوازا گیا

32,591
اے ایم یو کے ریڈیوتھیریپی شعبہ کے چیئرمین پروفیسر شاہد علی صدیقی اور فیکلٹی آف میڈیسن کے سابق ڈین پروفیسر سید ابرار حسن اور ان کی ٹیم کو بوسٹن ، مساچوسیٹ ، امریکہ میں انٹرنیشنل فوٹو ڈائنمک ایسوسی ایشن کی سترہویں عالمی کانگریس میں ابھرتے ہوئے ممالک میں فوٹوڈائنمک تھیریپی کو فروغ دینے کے لئے آئی پی اے ایوارڈ-2019 سے نوازا گیا

علی گڑھ : جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج (جے این ایم سی)، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے ریڈیوتھیریپی شعبہ کے چیئرمین پروفیسر شاہد علی صدیقی اور فیکلٹی آف میڈیسن کے سابق ڈین پروفیسر سید ابرار حسن اور ان کی ٹیم کو بوسٹن ، مساچوسیٹ ، امریکہ میں انٹرنیشنل فوٹو ڈائنمک ایسوسی ایشن (آئی پی اے) کی سترہویں عالمی کانگریس میں ابھرتے ہوئے ممالک میں فوٹوڈائنمک تھیریپی (پی ڈی ٹی) کو فروغ دینے کے لئے آئی پی اے ایوارڈ-2019 سے نوازا گیا ۔

جے این ایم سی کی ٹیم میں فیکلٹی آف میڈیسن کے ڈین پروفیسر ایس سی شرما ، پروفیسر ابنِ احمد ، پروفیسر کفیل اختر ، ڈاکٹر بلال حسین ، ڈاکٹر شائستہ صدیقی اور ڈاکٹر شاکر خان بھی شامل ہیں ، جنھیں اینٹی مائیکروبیئل پی ڈی ٹی کے استعمال کے لئے مذکورہ اعزاز سے سرفراز کیا گیا ۔ اس سے مریضوں کو خاطر خواہ کلینیکل فائدہ ہوا ہے اور علاج کا خرچ بھی کم ہوا ہے ۔

پروفیسر شاہد علی صدیقی اور پروفیسر سید ابرار حسن نے عالمی کانگریس میں ’ہندوستان میں پی ڈی ٹی کا استعمال‘ موضوع پر مقالہ اور پوسٹر پیش کیا ۔ انھوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ چونکہ کینسر میں اضافہ ہورہا ہے اس لئے ابتدا میں ہی اورل کینسر سرجری؍ریڈیو تھیریپی یا کئی طریق ہائے علاج کے ایک ساتھ استعمال کی اہمیت کو سمجھنے کی ضرورت ہے ۔ انھوں نے کہا ’جراحت کے ہنر اور ریڈیوتھیریپی تکنیکوں میں ترقی ہونے کے باوجود علاج کے اثر اور زندگی کی حفاظت کے مجموعی اوسط میں کوئی تبدیلی نہیں واقع ہوئی ہے ، اس لئے علاج کے متبادل طریقوں کی افادیت کی جانچ کرنی ضروری ہے‘ ۔

پروفیسر صدیقی اور پروفیسر حسن نے کہا کہ جے این ایم سی کا شعبۂ ریڈیوتھیریپی یونیورسٹی آف مساچوسیٹ ، ویلمین سینٹر آف فوٹومیڈیسن ، مساچوسیٹ جنرل ہاسپٹل اور ہارورڈ میڈیکل اسکول کے ساتھ ایک مشترکہ پروجیکٹ پر کام کررہا ہے ۔

انھوں نے کہا کہ مشترکہ پروجیکٹ کا پروٹوکول ویلمین سنٹر آف فوٹومیڈیسن ، مساچوسیٹ جنرل ہاسپٹل اور ہارورڈ میڈیکل اسکول میں تیار کیا گیا اور کلینیکل اسٹڈی جے این ایم سی کے ریڈیوتھیریپی شعبہ میں کی گئی ۔

ٹیم کے اراکین نے مطلوبہ سہولیات اور تعاون فراہم کرنے کے لئے وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور کا بطور خاص شکریہ ادا کیا ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.