صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

جے این ایم سی کے ڈاکٹروں نے چار ماہ کی بچی کے دل کا کامیابی کے ساتھ علاج کیا

965

علی گڑھ: جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج (جے این ایم سی)، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے پیڈیاٹرک کارڈیئک ایویلوئیشن اینڈ کارڈیئک سرجری (پی سی ای سی ایس) یونٹ میں چار ماہ کی بچی کے دل کا علاج کامیابی کے ساتھ کیا گیا ۔ ارپیتا نام کی اس بچی کے دل میں پیدائش کے وقت سے ہی سوراخ تھا اور اسے فوری علاج کی ضرورت تھی ۔

پی سی ای-سی ایس یونٹ کے کنوینر پروفیسر تبسم شہاب نے بتایا کہ بچی کا وزن کم تھا ، وہ صرف چار کلوگرام کی تھی، جس کی وجہ سے یہ سرجری اور بھی پیچیدہ اور دشوار تھی ۔ بہرحال جے این ایم سی کے ڈاکٹروں نے یہ چیلنج قبول کیا اور کامیابی کے ساتھ آپریشن کیا ۔ اس کامیابی پر ڈاکٹروں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے پروفیسر تبسم شہاب نے کہا کہ اس سرجری سے جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج میں نومولود بچوں کے دل کے آپریشن کا راستہ کھل گیا ہے ۔

مذکورہ سرجری کرنے والے ڈاکٹر مرزا ایم کامران اور ڈاکٹر شاد عبقری نے بتایا کہ بچی کو دو بار مہلک قسم کا نمونیا ہوچکا تھا اور اسپتال میں بھرتی کئے جاتے وقت وہ بہت تکلیف میں تھی ، جس کی وجہ سے یہ سرجری آسان نہیں تھی ۔ ڈاکٹر شہزاد اور ڈاکٹر شمیم بھی سرجری کرنے والی ٹیم میں شامل تھے ۔

ارپیتا کو سرجری کے بعد طبیعت بحال ہونے پر اسپتال سے چھٹی دے دی گئی ہے ۔ جے این ایم سی میں بچوں کے امراض قلب کے ماہر ڈاکٹر شاد عبقری نے ڈاکٹر اعظم حسین اور کارڈیوویسکولر اینڈ تھوریسک سرجری کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا ہے ۔

مہاراج گنج کے رہنے والے ارپیتا کے والد سچن کمار نے اپنی نوزائیدہ بچی کے کامیاب آپریشن پر جے این ایم سی کے ڈاکٹروں کا شکریہ ادا کیا ۔ انھوں نے کہا ’میری بچی کو نئی زندگی ملی ہے، اسے تکلیف میں دیکھنا ایک دشوار کن امر تھا‘ ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.