صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

وزیرصحت راجیش ٹوپے اور نواب ملک کی جماعت اسلامی سمیت مذہبی رہنماؤں کے ساتھ میٹنگ

وزیر صحت راجیش ٹوپے نے کہا مذہبی رہنماؤں کو کورونا کے تعلق سے غلط فہمیاں دور کرنے کے لئے آگے آنا چاہئے

214,360

ممبئی : وزیر صحت عامہ راجیش ٹوپے اور اقلیتی  امور  کے وزیر نواب ملک نے یونیسیف کے اشتراک سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے  جماعت اسلامی سمیت مختلف مذاہب کے بااثر افراد ، مذہبی رہنماؤں اور دیگر افراد سے گفتگو کی ۔ کرونا کے حوالے سے لوگوں میں خوف اور غلط فہمی کا ماحول ہے ۔ اس کے نتیجے میں ، بہت سے متاثرہ مریض آخری لمحے  میں علاج کے لئے اسپتال آتے ہیں ۔ وزیر صحت راجیش ٹوپے اور نواب ملک نے دینی اداروں سے اپیل کی کہ وہ لوگوں کے ذہنوں سے اس غلط فہمی کو دور کرنے کے لئے پہل کریں ۔

اس موقع پر جماعت اسلامی مہاراشٹر کے سکریٹری ڈاکٹر سلیم خان نے کہا جماعت اسلامی ہند ایک مذہبی جماعت ہے مگر چونکہ ہمارا دین ہمیں خدمت خلق کی تعلیم دیتا ہے اس لیے ہم عام دنوں میں اور اس طرح کے حالات میں بڑھ چڑھ کر انسانوں کی خدمت کرتے ہیں ۔ انہوں نے کووڈ کے حوالے سے کی جانے والی سرگرمیوں کا تعارف کرایا تاکہ انتظامیہ اور دوسری تنظیمیں اس سے واقف ہوکر تعاون و اشتراک کرسکیں ۔ یہ بتایا کہ کورونا ریلیف میں جماعت نے اب تک پانچ کروڑ ۹۳ لاکھ روپئے مہاراشٹر میں خرچ کیے ہیں ۔

جماعت اسلامی کے ڈاکٹر سلیم خان نے یہ بھی کہا کہ معاشی مشکلات لاک ڈاون کے بعد بھی جاری رہیں گی کیونکہ لوگ اپنے روزگار سے دور اپنے گائوں جاچکے ہیں ۔ اس لیے ان کی بازآبادکاری کے لیے جماعت کے کارکنان اپنی خدمات پیش کرتے ہیں اس کے علاوہ بیماری سے متعلق  بیداری مہم  یا غلط فہمیوں کے ازالہ میں جماعت اور اس کے میڈیا سیل اہم کردار نباہ سکتے ہیں ۔ مایوس لوگوں کی کونسلنگ کے کام میں جماعت کے افراد مفید ہوسکتے ہیں ۔ حکومت کو یہ مشورہ بھی دیا گیا کہ وہ دیگر امراض کے علاج کی جانب بھی توجہ دے اور عوام کی مشکلات کو دور کرے ۔

سلیم خان نے حکومت کو یہ بھی مشورہ دیا کہ وہ نجی دواخانوں کی مہنگی فیس کو قابو میں رکھے۔ ڈبلیو ایچ او کو یہ مشورہ دیا گیا کہ وہ دہلی اور اترپردیش میں بھی اس طرح کی سرگرمیاں کرے اس لیے کہ وہاں اس حوالے سے بیداری اور غلط فہمیوں کو دور کرنے کی ضرورت زیادہ ہے ۔ موجود معززین افراد نے یقین دلایا کہ  کرونا کی روک تھام کے لئے ریاستی حکومت کی طرف سے کی جانے والی تمام کوششوں میں ان کے ساتھ رہیں گے ۔

وزیر صحت ٹوپے نے کہا کہ لوگوں  میں کرونا کے بارے میں خوف اور غلط فہمیاں ہیں۔ یہاں تک  دیکھا گیا ہے کہ بہت سے لوگ اب بھی علاج کے لئے آگے نہیں آتے ہیں۔ بہت سے مریض اپنی علامات کو چھپا رہے ہیں ۔ اگر اس شخص کو آخری لمحے میں اسپتال میں داخل کیا جائے تو اس کا علاج کرنا مشکل ہوجاتا ہے ۔ لہذا ، لوگوں کو کرونا سے متعلق اپنے ذہنوں میں موجود خوف کو دور کرکے جانچ کے لئے آگے آنا چاہئے ۔ انہوں نے مذہبی رہنماؤں اور تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ لوگوں کو اس بارے میں آگاہ کریں۔ ریاست میں کرونا کے۱۰۰؍مریضوں میں سے ۹۷؍ مریض صحت یاب ہو کر گھر جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس بات کو بھی لوگوں تک پہنچانے کی ضرورت ہے ۔

اقلیتی امور کے وزیر نواب ملک نے یونیسیف کے زیر اہتمام اس اقدام کی تعریف کی ۔ انہوں نے کہا ، "لوگوں میں کورونا  کے تعلق سے ابھی بھی خوف اور غلط فہمیاں ہیں ۔ بہت سے لوگ علامات ظاہر ہونے کے بعد بھی علاج کے لئے آگے نہیں آتے ہیں ۔ انہوں نے مذہبی اداروں اور مذہبی رہنماؤں سے اپیل کی کہ وہ لوگوں کے خوف اور غلط فہمیوں کو دور کرنے کے لئے اقدامات کریں ۔ اقلیتی محکمہ نے ریاست کے بہت سے نوجوانوں کو مختلف قسم کی مہارت کی تربیت دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اب محکمہ ان طلبا کو ریاست میں صنعتوں میں روزگار فراہم کرنے کے لئے سخت محنت کرے گا ۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ ہم جلد ہی تمام مذہبی گروہوں کے ساتھ مل کر کورونا سے لڑ کر اس بحران پر قابو پالیں گے ۔

ویڈیو کانفرنس میں ریاست کے مختلف مذاہب کے معززین نے شرکت کی ۔ ان میں  خاص طور سے نمرمونی مہاراج ، آچاریہ شری، دیوانند گرو دیو، مولانا محمود دریاآبادی ، مولانا حافظ سید اطہر علی ، آرٹ آف لیونگ کے درشک ہاتھی ، انجمن اسلام کے ڈاکٹر ظہیر قاضی ، براہماکماری کملیش ، بھنٹے شانتی رتن  ، بشپ ایلون ڈی سلوا ، ایشا فاؤنڈیشن  کی کلپنا منیار ، جماعت اسلامی مہاراشٹر کے ڈاکٹر سلیم خان ، جمعیت علماء  مہاراشٹر کے صدر حافظ محمد ندیم صدیقی ، رام کرشنا مشن کے سوامی دیوکنتانند ، متحدہ سکھ سبھا فاؤنڈیشن کے رام سنگھ راٹھور اور دیگر نے شرکت کی ۔ انہوں نے کرونا بحران سے متاثرہ افراد کی مدد کے لئے ان مختلف تنظیموں کے ذریعہ کئے گئے مختلف اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا ۔ انہوں نے اس اعتماد کا بھی اظہار کیا کہ ہم مستقبل میں بھی اس بحران کا مقابلہ کرنے کے لئے حکومت مہاراشٹر کے ساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے ۔

سجاتا سونک ایڈیشنل چیف سکریٹری ، اِسکِل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ، ڈاکٹر پردیپ ویاس ، پرنسپل سکریٹری ، محکمہ صحت ، ڈاکٹر ارچنا پاٹل ڈائریکٹر ہیلتھ ، راجیشوری چندر شیکھر ، مہاراشٹر کے ریاستی سربراہ ، یونیسف ڈاکٹر راہول شمپی نے بھی ویڈیو کانفرنس میٹنگ میں شرکت کی ۔ یونیسیف کی دیویکا دیشمکھ نے کانفرنس کا انعقاد کیا تھا ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.