ڈاکٹر زیڈ اے ڈینٹل کالج کی جانب سے بچوں کے لئے دانتوں کی مفت جانچ کا کیمپ منعقد
علی گڑھ : علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے ڈاکٹر زیڈ اے ڈینٹل کالج کے پیڈیاٹرکس و پریونٹیو ڈنٹسٹری شعبہ کی جانب سے ’منھ کی صفائی کے ہفتہ‘ کے تحت اسکولی بچوں کے لئے دانتوں کی مفت طبی جانچ کا ایک کیمپ منعقد کیا گیا جس میں مختلف اسکولوں کے ایک ہزار سے زائد بچوں کی جانچ کی گئی اور انھیں دانتوں کی درست صفائی ، صحت بخش کھانا کھانے کی اہمیت اور دانتوں کی حفاظت کے طور طریقے بتائے گئے ۔
گورنمنٹ پرائمری اسکول ، دھورّا معافی ، عبداللہ گرلس اسکول اور گرین کریسنٹ پبلک اسکول سمیت دیگر اسکولوں کے بچوں نے اس کیمپ میں جانچ کرائی۔ بچوں کو یہ بھی بتایا گیا کہ ہر 6؍مہینے پر کسی ماہر امراض دنداں کو دکھانا فائدہ مند رہتا ہے ۔ اس موقع پر بچوں کے لئے پینٹنگ مقابلہ کا بھی انعقاد کیا گیا ۔ شعبہ کے چیئرمین پروفیسر ایم کے جندل اور کنوینر ڈاکٹر صائمہ یونس خاں نے کیمپ کی نگرانی کی ۔